کولور ڈبل بیڈروم اسکیم کے استفادہ کنندگان کی پرجا وانی پروگرام میں شرکت

Pp3

شہر کے مضافاتی علاقہ کولور میں ڈبل بیڈروم ہاؤزنگ اسکیم کے استفادہ کنندگان نے آج چیف منسٹر پرجاوانی پروگرام میں حصہ لیتے ہوئے انچارج ڈاکٹر جی چنا ریڈی سے ملاقات کی ۔ انہوں نے شکایت کی کہ بی آر ایس دور حکومت میں ڈبل بیڈروم مکانات کی ناقص تعمیری کام انجام دیئے گئے جس کے نتیجہ میں بارش کا پانی مکانات میں داخل ہورہا ہے۔ انہوں نے حکومت سے فوری مرمتی کام انجام دینے کی اپیل کی ۔ استفادہ کنندگان نے شکایت کی کہ معمولی بارش کے ساتھ ہی ڈبل بیڈروم مکانات کی چھت سے پانی نیچے اتر رہا ہے ۔ مکانات میں پانی جمع ہونے سے رہائش دشوار کن ہوچکی ہے۔ مقامی عوام نے کالونی میں بنیادی سہولتوں کی کمی ، ٹرانسپورٹیشن کی عدم فراہمی اور دیگر سہولتوں کے بارے میں شکایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ناقص تعمیری کاموں کے سبب مشکلات کا سامنا ہے۔ ڈاکٹر چنا ریڈی نے مینجنگ ڈائرکٹر ہاؤزنگ کارپوریشن گوتم سے فون پر بات چیت کی اور مرمتی کاموں کی انجام دہی کی ہدایت دی۔ مینجنگ ڈائرکٹر نے تیقن دیا کہ جلد ہی ڈبل بیڈروم مکانات میں مرمتی کام انجام دیئے جائیں گے۔ اسی دوران پرجا وانی پروگرام میں جملہ 288 درخواستیں موصول ہوئیں جن میں محکمہ پنچایت راج کی 136 ، ریونیو 40 اور بلدی نظم و نسق کی 21 درخواستیں شامل ہیں۔ ڈاکٹر چنا ریڈی کے علاوہ نوڈل آفیسر کے ودیا ساگر نے عوامی مسائل کی سماعت کی۔