راشن کارڈ ہولڈرس کو راحت، ای کے وائی سی کیلئے 31 اگست تک مہلت

تلنگانہ حکومت نے راشن کارڈ ہولڈرس کو بڑی راحت دیتے ہوئے ای کے وائی سی کی مہلت کو بڑھاکر 31 اگست کردیا ہے۔ ای کے وائی سی کے لئے آج آخری تاریخ تھی تاہم محکمہ سیول سپلائیز نے 31 اگست تک توسیع کا اعلان کیا۔ سوشیل میڈیا میں اطلاعات گشت کر رہی تھی کہ ای کے وائی سی کی عدم تکمیل پر راشن سربراہ نہیں کیا جائے گا ۔ محکمہ سیول سپلائیز نے مختلف گوشوں سے موصولہ نمائندگیوں کی بنیاد پر ایک ماہ کی توسیع دے دی ہے جس سے راشن کارڈ ہولڈرس کو بڑی راحت ملے گی ۔ اسی دوران حکومت نے یکم اگست سے تین ماہ کے راشن کی سربراہی کا فیصلہ کیا ہے۔ یکم اگست تا 31 اگست راشن کارڈ ہولڈرس کو تین ماہ یعنی اگست ، ستمبر اور اکتوبر کا راشن سربراہ کیا جائے گا ۔ حیدرآباد ضلع کے تحت راشن کارڈ ہولڈرس کی تعداد 843407 ہے، جنہیں راشن شاپ سے سربراہی کے لئے 59602 میٹرک ٹن چاول اور 7279 میٹرٹن گیہوں جاری کیا گیا۔ چاول مفت سربراہ کیا جائے گا جبکہ گیہوں 7 روپئے فی کیلو حاصل کیا جاسکتا ہے۔ چیف راشننگ آفیسر راجی ریڈی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس سہولت سے استفادہ کریں ۔ ریاست میں موسلادھار بارش اور SIR مہم کو دیکھتے ہوئے حکومت نے ای کے وائی سی کی مہلت میں ایک ماہ کی توسیع کردی ہے۔ عوام راشن کے حصول کے موقع پر ای کے وائی سی کی تکمیل کرسکتے ہیں۔
