تلنگانہ کے بے روزگار نوجوانوں کیلئے DEET ایپ ایک بہترین تحفہ

ڈگری اور پوسٹ گریجویشن کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد ملازمتوں کی تلاش میں سرگرداں بے روزگار نوجوانوں کے لیے تکنیک کا ایک بڑا سہارا سامنے آیا ہے ۔ حکومت تلنگانہ کا مصنوعی ذہانت AI پر مبنی ڈیجیٹل ایمپلائمنٹ اکسیچینج (DEET) پلیٹ فارم نوجوانوں کے لیے کسی نعمت سے کم ثابت نہیں ہورہا ہے ۔ اب جیسے ہی جاب نوٹیفیکیشن جاری ہوتے ہیں ۔ انٹرنیٹ سنٹرس کے چکر کاٹنے اور درخواستوں کی فیس کے نام پر اپنی جبیں خالی کرنے کی ضرورت نہیں رہی ۔ DEET ایپ بے روزگار نوجوانوں کو جدید ٹکنالوجی کے ذریعے ملازمت کے مواقع فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کررہی ہے ۔ اس ایپ کے ذریعہ امیدوار ایک ہی جگہ پر مختلف سرکاری و خانگی شعبوں کی ملازمتوں اور مخلوعہ جائیدادوں کی جامع تفصیلات حاصل کرسکتے ہیں ۔ AI ٹکنالوجی امیدوار کی تعلیمی قابلیت اور عملی مہارتوں (Skills) کو مد نظر رکھتے ہوئے بالکل مناسب ملازمتوں کی نشاندہی کرتی ہے ۔ یہ ایپ جاب اسکیمس ، جعلی اشتہارات اور نوکری دلانے کا جھانسہ دینے والے دلالوں کے استحصال سے نوجوانوں کو محفوظ رکھتا ہے ۔ نوجوان اپنے موبائل فون کے ذریعہ چند منٹوں میں رجسٹریشن مکمل کر کے نوکریوں کے لیے درخواست داخل کرسکتے ہیں ۔ اپنے اسمارٹ فون پر گوگل پلے اسٹور سے DEET ایپ ڈاؤن لوڈ کریں ۔ ایپ میں اپنی ذاتی معلومات کے ساتھ ساتھ اپنی تعلیمی قابلیت ، تجربہ اور مہارتیں درج کریں ۔ تمام متعلقہ تعلیمی سرٹیفیکٹس اور دستاویزات اپ لوڈ کر کے رجسٹریشن کا عمل مکمل کریں ۔ رجسٹریشن کے بعد آپ کی اہلیت سے مطابقت رکھنے والی ملازمتوں پر ایپ کے ذریعے ایک کلک کے ساتھ ہی آسانی سے درخواست دی جاسکتی ہے ۔
