وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر کو الیکشن کمیشن کی نوٹس

poonam-prabhakar

ریاست تلنگانہ میں الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ووٹر لسٹوں کی خصوصی جامع نظرثانی کے دوران ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر کو ان کے ووٹر آئی ڈی کارڈ میں والد کے نام کی غلط درج کی گئی تفصیلات پر نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ ووٹر لسٹ کے ڈیٹا کی باریک بینی سے تفتیش اور تصدیق کے دوران بی ایل او نے نشاندہی کی کہ ریاستی وزیر کے ووٹرشناختی کارڈ میں ان کے والد کے نام کے ہجے (Spelling) غلط درج ہیں۔ بی ایل او کی جانب سے نوٹس ملتے ہی وزیر پونم پربھاکر نے ایک ذمہ دار شہری کی طرح بلاتاخیر ردعمل دیا اور اپنے والد کا درست نام شامل کرانے کیلئے مطلوبہ معاون دستاویزات اور ثبوت انتخابی حکام کے حوالے کردیئے۔ الیکشن حکام نے بتایا کہ وزیر کی جانب سے جمع کرائے گئے دستاویزی ثبوتوں کی جانچ پڑتال کے بعد ان کے ووٹر آئی ڈی کارڈ میں درستگی کا عمل فوری طور پر کردیا جائے گا۔ انتخابی عہدیداروں نے کہا کہ چاہے کوئی عام شہری ہو یا حکومت کا وزیر قانون اور الیکشن کمیشن کے ضوابط کے سامنے تمام ووٹرس برابر ہیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ ووٹر لسٹ کو پاک و صاف، شفاف اور غلطیوں سے پاک بنانا ہر شہری کی دستوری ذمہ داری ہے اور تمام شہریوں کو چاہئے کہ وہ بی ایل اوز کے ساتھ تعاون کریں۔