ورنگل ایرپورٹ کے ٹنڈرس کو عنقریب قطعیت، ڈسمبر میں سنگ بنیاد

Pp8

وزیر شہری ہوا بازی رام موہن نائیڈو نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو تیقن دیا کہ ورنگل کے مامنور ایرپورٹ کی تقریب سنگ بنیاد ڈسمبر میں منعقد کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایر ٹرانسپورٹیشن انفراسٹرکچر پراجکٹ کیلئے ٹنڈرس اندرون دو ہفتے طلب کئے جائیں گے اور ڈسمبر تک ٹنڈرس کو قطعیت دی جائے گی۔ ریونت ریڈی نے آج نئی دہلی میں رام موہن نائیڈو سے ملاقات کی اور مامنور اور عادل آباد ایرپورٹس کے تعمیری کاموں میں تیزی پیدا کرنے کی درخواست کی۔ انہوں نے وزارت شہری ہوا بازی سے خواہش کی کہ مامنور ایرپورٹ کے تعمیری کاموں کا جلد آغاز کیا جائے کیونکہ حکومت نے ایرپورٹ کیلئے اراضی کے حصول کا کام مکمل کرلیا ہے۔ چیف منسٹر نے مرکزی وزیر سے درخواست کی کہ عادل آباد کے مجوزہ ایرپورٹ پر کارگو اور پیسنجر ٹرمنل اور دیگر سہولتیں فراہم کی جائیں۔ رن وے کی تعمیر سے متعلق امور کی یکسوئی کیلئے وزارت دفاع کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس کا اہتمام کرنے کی درخواست کی گئی۔ چیف منسٹر نے تلنگانہ میں ہیلی ٹورازم کو فروغ دینے کی درخواست کی اور ہیلی کاپٹرس کی اڑانوں کے ذریعہ سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کی اپیل کی۔ وزارت شہری ہوابازی کے عہدیداروں نے چیف منسٹر کو بتایا کہ حسین ساگر جھیل میں سی پلین (بحری طیاروں) کی لینڈنگ سے متعلق پراجکٹ رپورٹ اندرون دو ہفتے ریاستی حکومت کو پیش کی جائے گی۔ چیف منسٹر نے رام موہن نائیڈو نے اپیل کی کہ تلنگانہ میں نئے ایرپورٹس کے قیام میں پیشرفت کی جائے۔ اس موقع پر ارکان پارلیمنٹ سریش شیٹکر ، انیل کمار یادو ، حکومت کے مشیر وینو گوپال ، چیف سکریٹری سنجے جاجو اور چیف منسٹر کے سکریٹری مانک راج موجود تھے۔