تلنگانہ میں کل سے مانسون کی شدید بارش کی پیش قیاسی

rain-16-1536x864

تلنگانہ میں 11 ستمبر سے مانسون کی زبردست بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے اور 13تا17 ستمبر کے دوران انتہائی موسلادھار بارش جاری رہنے کی پیش قیاسی کی جا رہی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم رہے گا اور درجہ حرارت میں معمولی اضافہ ریکارڈ کیا جائے گا لیکن 11 ستمبر سے بارش کا سلسلہ شروع ہوگا جو کہ 17 ستمبر تک جاری رہنے کا امکان ہے ۔ محکمہ موسمیات نے ابتداء میں 13 تا 17 ستمبر کے دوران بارش کی پیش قیاسی کی تھی لیکن تبدیل ہورہے موسم کو دیکھتے ہوئے اب کہا جارہاہے کہ 11 ستمبر سے ہی ریاست کے بیشتر اضلاع بشمول شہر حیدرآباد و سکندرآباد میں ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ شروع ہوجائے گااور 13 ستمبر سے بارش میں شدت پیدا ہوگی۔ تلنگانہ میں یکم جون سے 9 ستمبر تک 485.9 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے جو کہ معمول کی بارش سے 21 فیصد کم ہونے کی توثیق کی گئی ہے۔ 3
معمول کے مطابق یکم جون تا 9ستمبر کے دوران سال گذشتہ کے دوران 629.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی ۔شہر حیدرآباد میں معمول کے مطابق اس مدت کے دوران ریکارڈ کی جانے والی بارش 513ملی میٹر کے بجائے اب تک محض 377.4ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے اور تلنگانہ میں سب سے زیادہ بارش میں تخفیفہنمکنڈہ میں ریکارڈ کی جانے لگی ہے جہاں حالت انتہائی ابتر ہے اور مجموعی طور پر 49 فیصد کم بارش ریکارڈ کی جارہی ہے۔ ہنمکنڈہ میں سال گذشتہ اسی مدت کے دوران 694.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی لیکن جاریہ سال کے دوران 377.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ تلنگانہ کے بیشتر تمام اضلاع میں 11تا17 ستمبر کے دوران ہونے والی امکانی بارشوں کے نتیجہ میں جو تخفیف ریکارڈ کی جا رہی ہے اس میں نمایاں کمی ریکارڈ کئے جانے کا امکان ہے۔