چیف سکریٹری سنجے جاجو نے تلنگانہ گلوبل سمٹ کی تیاریوں کا جائزہ لیا

چیف سکریٹری سنجے جاجو نے تلنگانہ گلوبل سمٹ 2026 کے انتظامات پر اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔ تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے لئے 7 تا 9 ڈسمبر گلوبل سمٹ کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے جس میں قومی اور بین الاقوامی کمپنیوں کے نمائندوں کو مدعو کیا گیا۔ چیف سکریٹری نے تمام محکمہ جات اور انتظامی کمیٹی کو ہدایت دی کہ وہ سمٹ کے کامیاب انعقاد کیلئے وسیع تر انتظامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی نوعیت کے اس سمٹ کی کامیابی کے ذریعہ تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے امکانات میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ سنجے جاجو نے تمام مندوبین اور مدعوئین کی تفصیلات طئے کرنے اور انہیں مدعو کرنے کیلئے بروقت پیامات روانہ کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ عالمی اداروں کے نمائندوں سے ربط قائم کرتے ہوئے ان کے تمام تر انتظامات کی تفصیلات سے واقف کرایا جائے۔ چیف سکریٹری نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ گلوبل سمٹ کیلئے اڈوائزری بورڈ کی تشکیل کے علاوہ ایک مجموعی ایکشن پلان تیار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ گلوبل سمٹ کی تشہیر کیلئے جاریہ ماہ کے اختتام پر نئی دہلی میں ایک پروگرام منعقد کیا جائے تاکہ تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے مواقع اور حکومت کی جانب سے انفراسٹرکچر سہولتوں سے واقف کرایا جائے۔ چیف سکریٹری نے سمٹ کے سلسلہ میں تشکیل دی گئی مختلف ذیلی کمیٹیوں کو متحرک ہونے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹیوں کو اپنی کارکردگی کی رپورٹ پیش کرنی چاہئے ۔ چیف سکریٹری نے ایونٹ سے ایک ماہ قبل تمام تر تیاریوں کو مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ مختلف کاموں کی تکمیل کیلئے ٹنڈرس طلب کرنے کا کام آئندہ ہفتہ مکمل کرلیا جائے گا تاکہ کاموں کی تکمیل کیلئے کنٹراکٹرس کو مناسب وقت دیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ گلوبل سمٹ کی کامیابی میں تمام محکمہ جات کو باہمی اشتراک کے ساتھ کام کرنا چاہئے ۔ اجلاس میں اسپیشل چیف سکریٹری نوین متل ، وانی پرساد کے علاوہ مختلف کمیٹیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
