میری زندگی ایک کھلی کتاب ہے، کانگریس قائد جھوٹ بولنا بند کریں : ہریش راؤ

1-copy-2

بی آر ایس کے ڈپٹی فلور لیڈر ہریش راؤ نے کہا کہ ان کی زندگی ایک کھلی کتاب ہے ۔ وہ الیکشن کمیشن کو پیش کردہ اپنے تمام انتخابی حلف ناموں میں اثاثوں اور اراضیات کی تمام تفصیلات سروے نمبرات کے بشمول بالکل واضح طور پر ظاہر کرچکے ہیں ۔ جمعہ کو سدی پیٹ ایم ایل اے کیمپ آفس میں منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کانگریس قائدین کے رویہ اور سدی پیٹ میں پولیس ناکہ بندی پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ کانگریس کے قائدین سدی پیٹ پہنچ کر میری اراضیات کا معائنہ کررہے ہیں لیکن اس کیلئے سینکڑوں پولیس اہکاروں ، بلٹ پروف گاڑیوں ، رسی پارٹیوں اور ڈرون کیمرو ں سے ڈرون فوٹیج لینے کی کیا ضرورت ہے ۔ انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ اگر کانگریسی قائدین پہلے سے انہیں اطلاع دے کر آتے تو وہ خود ان کی میزبانی کرتے ، پیٹ بھر کھانا کھلاتے اور اپنے باغات کی سیر بھی کراتے ۔ انہوں نے کانگریس قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ عوام کے سامنے جھوٹے دعوے کرنے کے بجائے سچائی بیان کریں ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ انہوں نے کبھی کسی کی زمین پر قبضہ نہیں کیا اور نہ ہی عوام کا پیسہ لوٹا ہے ۔ رامانچل میں 13 ایکڑ اراضی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے سوال کیا کہ جب تمام تفصیلات پہلے سے حلف نامے میں درج ہیں تو کانگریس قائدین کونسا نیا انکشاف کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سدی پیٹ کے عوام نے ان کا کام دیکھا ہے اور اسی محبت اور اعتماد کی بنیاد پرانہیں لگاتار 7مرتبہ کامیابی سے ہمکنار کیا ہے ۔ سدی پیٹ محبت ، پیار اور مہمان نوازی کا مرکز ہے ، اس لئے مخالفین کو اتنی بڑی پولیس فورس کیساتھ آکر خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔