گریجویٹ ایم ایل سی فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت

ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے کھمم، نلگنڈہ اور ورنگل اضلاع کے کانگریس کارکنوں پر زور دیا کہ وہ گریجویٹ رائے دہندوں کے نام فہرست رائے دہندگان میں شامل کرائیں تاکہ کانگریس امیدوار رام ریڈی سروتم ریڈی کی کامیابی کو یقینی بنایا جاسکے۔ بھٹی وکرامارکا نے کھمم ضلع کانگریس کمیٹی کے قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کیا اور گریجویٹ ایم ایل سی فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت کی مہم کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ تینوں متحدہ اضلاع میں مستحق گریجویٹ رائے دہندوں کے ناموں کو فہرست میں شامل کرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ناموں کے شمولیت کی مہم شروع کی ہے اور قائدین اور کارکنوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ کسی بھی مستحق گریجویٹ کو فہرست سے محروم نہ رکھیں۔ انہوں نے منڈل اور مواضعات کی سطح پر ناموں کے رجسٹریشن پر توجہ دینے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ فہرست کا جائزہ لیتے ہوئے نہ صرف ناموں کو بحال کرایا جائے بلکہ نئے گریجویٹ کے ناموں کی شمولیت پر توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے حامی گریجویٹ رائے دہندوں کی شمولیت کے ذریعہ انتخابات میں کامیابی یقینی بنائی جاسکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 19 نومبر کو آنجہانی اندرا گاندھی کے یوم پیدائش کے موقع پر تلنگانہ میں اندراماں بیمہ اسکیم کا آغاز ہوگا جس کے تحت مستحق خاندانوں کو حادثاتی موت کی صورت میں 5 لاکھ روپے کی امداد دی جائے گی۔
