ملک کے ریئل اسٹیٹ کاروبار میں DLF کی ایک لاکھ کروڑ کی سرمایہ کاری

ہندوستان میں ریئل اسٹیٹ کے کاروبار میں کئی بڑی کمپنیوں نے اپنی شراکت کے ذریعہ اس کاروبار میں اضافہ کیا ہے۔ ہندوستان کے اہم شہروں میں ریئل اسٹیٹ کاروبار کے ذریعہ ہمہ منزلہ ٹاورس تعمیر کئے جارہے ہیں جنہیں رہائشی یا پھر دفتری اغراض کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔ ریئل اسٹیٹ کے شعبہ میں مارکٹ سرمایہ کاری کے اعتبار سے 10 کمپنیوں کی نشاندہی کی گئی۔ ان ٹاپ 10 کمپنیوں میں DLF کو 164014 کروڑ کی مارکٹ سرمایہ کاری کے ذریعہ سبقت حاصل ہے۔ اس کمپنی نے ملک کے تمام اہم شہروں میں اپنی سرگرمیوں کا آغاز کیا ہے۔ لودھا (مائیکرو ٹیک ڈیولپرس) کو 110407 کروڑ سرمایہ کاری کے ساتھ دوسرا مقام حاصل ہوا ہے۔ فونیکس ملز لیمٹیڈ کی مارکٹ سرمایہ کاری 68955 کروڑ درج کی گئی۔ ہندوستان کی ریئل اسٹیٹ شعبہ میں مارکٹ سرمایہ کاری کے اعتبار سے دیگر نامور کمپنیوں میں اوبرائے، ریالیٹی لمیٹیڈ، پرسٹیج اسٹیٹ، گودریج پراپرٹیز، اننت راج لمیٹیڈ، بریگیڈ انٹرپرائزیس، شوبھا ریئل ٹی اور اے بی ریئل اسٹیٹ (آدتیہ برلا) شامل ہیں۔ اس شعبہ میں آدتیہ برلا کی سرمایہ کاری 12365 کروڑ درج کی گئی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ملٹی نیشنل کمپنیوں کے قیام کے نتیجہ میں ملازمین اور ورکرس کی رہائش اور کمپنیوں کے لئے عصری سہولتوں کے ساتھ کیمپس قائم کرنے کے لئے وسیع و عریض عمارتوں کی ضرورت پڑتی ہے۔ عام طور پر ملٹی نیشنل کمپنیاں حکومت یا خانگی شعبہ سے اراضی حاصل کرتے ہوئے اپنے طور پر عمارت تعمیر کرتے ہیں لیکن ورکرس اور ملازمین کے لئے رہائشی ضرورت کی تکمیل ریئل اسٹیٹ کمپنیاں اپنی عمارتوں کے ذریعہ کررہی ہیں۔ بنگلورو، حیدرآباد، چینائی، دہلی اور ممبئی میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر عصری ٹیکنالوجیز کے فروغ کے نتیجہ میں ریئل اسٹیٹ سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوا ہے۔
