5G نیٹ سبسکرائبرس کی تعداد چین میں 1.2 بلین

TOP_11-16

انٹرنیٹ خدمات کی فراہمی کے معاملہ میں دنیا کی بڑی کمپنیوں میں مسابقت کے نتیجہ میں انٹرنیٹ چارجس میں کمی واقع ہوئی ہے۔ موبائیل فون کے تیزی سے استعمال نے کنکٹیویٹی میں تیز رفتار نیٹ خدمات کو متعارف کیا ہے۔ 4G کے بعد اب 5G خدمات بھی تیزی سے عام ہورہی ہے۔ 5G خدمات کے معاملہ میں چین کو دیگر ممالک پر سبقت حاصل ہے اور وہاں 5G سبسکرائبرس کی تعداد 1.2 بلین سے زائد درج کی گئی ہے۔ 5G کنکٹیویٹی اور سبسکرائبرس کے معاملہ میں دنیا کے 10 ممالک کی نشاندہی کی گئی جن میں ہندوستان دوسرے نمبر پر ہے۔ یوں تو سبسکرائبرس کے زمرہ میں چین اور ہندوستان کے درمیان تعداد کا کافی فرق دیکھا گیا ہے لیکن 5G کے استعمال میں ہندوستان کو امریکہ ، جاپان اور ساؤتھ کوریا جیسے ممالک پر سبقت حاصل ہے۔ ہندوستان میں 5G صارفین کی تعداد 400 ملین درج کی گئی ہے جبکہ امریکہ میں سبسکرائبرس کی تعداد 340 بلین ہے۔ ٹکنالوجی کے شعبہ میں ترقی یافتہ تصور کئے جانے والے ممالک میں 5G سبسکرائبرس کی تعداد توقع کے برخلاف ہے۔ جاپان میں 81 ملین ، ساؤتھ کوریا 35 ملین ، برازیل 28 ملین ، جرمنی 25 ملین، برطانیہ 16 ملین ، تھائی لینڈ 14 ملین اور سعودی عرب میں 12 ملین سبسکرائبرس 5G کا استعمال کر رہے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ موبائیل کنکٹیویٹی کے شعبہ میں خدمات کو تیز رفتار بنانے کیلئے انٹرنیٹ پروائیڈرس کی جانب سے 5G خدمات کو کم شرح پر فراہم کیا جارہا ہے ۔ ہندوستان میں موبائیل کمپنیوں کے درمیان مسابقت نے انٹرنیٹ کی شرحوں میں کمی کردی ہے ۔ ملک میں کوئی شعبہ ایسا نہیں جہاں موبائیل کی خدمات عام نہیں ہوچکی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ موبائیل کمپنیوں کو بھی اپنی خدمات کے معاملہ میں شرحوں کا تعین عوام کے استعمال کے اعتبار سے کم شرحوں پر دینے کیلئے مجبور ہونا پڑ رہا ہے ۔ 5G خدمات کے بارے میں امید کی جا رہی ہے کہ ہندوستان میں موبائیل استعمال کرنے والوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگا۔