مائیکرو سافٹ میں 60 ہزار ملازمین کی تخفیف کے فیصلے سے آئی ٹی شعبہ میں بے چینی

انفارمیشن ٹکنالوجی صنعت میں مائیکرو سافٹ کمپنی کے فیصلہ نے بحران پیدا کردیا ہے اور آئی ٹی صنعت میں برسر خدمت ملازمین اپنے مستقبل سے متعلق متفکر ہونے لگے ہیں۔ مائیکرو سافٹ سے 60ہزار ملازمین کو رضاکارانہ طور پر ملازمت ترک کرنے کا موقع فراہم کرنے کے اعلان کے ساتھ ہی آئی ٹی صنعت کے ملازمین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور مختلف پلیٹ فارمس پر آئی ٹی ملازمین کے مستقبل کے متعلق بحث شروع ہوچکی ہے۔ مائیکروسافٹ کمپنی انفارمیشن ٹکنالوجی کمپنیو ںمیں سرکردہ کمپنی شمار کی جاتی ہے اور اس کمپنی کی جانب سے 4 ممالک میں عملہ کیلئے رضاکارانہ سبکدوشی کی سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ہی یہ کہا جانے لگا ہے کہ اب دیگر کمپنیوں کی جانب سے بھی اس طرح کی پیشکش ملازمین کیلئے کی جاسکتی ہے کیونکہ آئی ٹی کمپنیاں اپنے کام کیلئے آرٹیفیشل انٹلیجنس پر انحصار کرنے لگی ہیں ۔ کہا جارہاہے کہ اے آئی کے استعمال میں اضافہ کے نتیجہ میں کمپنیوں میں عملہ کی تعداد گھٹاکر اخراجات میں کمی کے اقدامات کئے جانے لگے ہیں۔ مائیکروسافٹ نے جن ممالک میں ملازمین کیلئے یہ سہولت فراہم کی ہے ان میں ہندوستان بھی شامل ہے۔ بتایا گیا کہ اب جبکہ کمپنی نے ملازمین کو رضاکارانہ ترک ملازمت کی پیشکش کی ہے تو یہ بات واضح ہوجاتی ہے کہ مستقبل میں کمپنی ان 60 ہزار جائیدادوں پر تقررات نہیں کرے گی بلکہ ان 60 ہزار ملازمین کی جگہ پر آرٹیفیشل انٹلیجنس کے ذریعہ کام کروایا جائے گا کیونکہ کمپنی کے کاموں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ ملٹی نیشنل کمپنیوں میں اگر آئندہ چند ماہ میں یہ رجحان فروغ پانے لگتا ہے تو بے روزگاری کی شرح میں تیزی سے اضافہ کے خدشات ہیں اور ہندوستان کے وہ شہر جہاں انفارمیشن ٹکنالوجی صنعتوں پر انحصار کئے ہوئے ہیں ان پر اس صورتحال کے منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں اورکمپنیوں کی اس پیشکش سے استفادہ کرنے والے ملازمین کو دوسری ملازمت کے حصول میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
