تلنگانہ سکریٹریٹ میں واستو تبدیلیاں، چیف منسٹر کے آنے اور جانے کے راستہ تبدیل

بی آرامبیڈکر تلنگانہ سکریٹریٹ میں بتدریج واستو کے اعتبار سے تبدیلیاں کی جارہی ہیں۔ چیف منسٹر تلنگانہ اے ریونت ریڈی آج شمال مشرقی باب الدخلہ کے ذریعہ سکریٹریٹ میں داخل ہوئے۔ گذشتہ پیر کو مرکزی باب الداخلوں کو مقفل کردینے کے بعد ایسا کیاگیا۔ عام طور پر ریونت ریڈی مرکزی باب الداخلہ کے ذریعہ سکریٹریٹ میں داخل ہوتے تھے مگر ان کے سکریٹریٹ میں داخل ہونے اور باہرنکلنے کیلئے نئی واستو تبدیلیوں پر عمل آوری کی جارہی ہے۔ نئی تبدیلیوں کے مطابق وہ اپنے داخلہ اور باہرنکلنے کیلئے شمال مشرقی اور مغربی باب الداخلوں کا استعمال کریں گے۔ آئی اے ایس‘آئی پی ایس اور دیگر اعلیٰ عہدیدار سکریٹریٹ میں داخلوں اور باہرنکلنے کیلئے جنوب مشرقی گیٹ سے استفادہ کریں گے۔ اسی دوران آج سکریٹریٹ میں بعض وزراء کیلئے نئی ٹویوٹا لینڈکروزر گاڑیوں کا الاٹمنٹ کیاگیا۔ ان گاڑیوں کیلئے سابقہ بی آرایس حکومت نے آرڈر دیاتھا۔ خاص طور پر سیکوریٹی پہلوؤں کے لحاظ سے تبدیلیوں کے بعد کانگریس حکومت نے ان گاڑیوں کا مختلف وزراء کیلئے الاٹمنٹ کیا ہے۔ تاہم چیف منسٹر بعض تبدیلیوں کے بعد ان گاڑیوں کا استعمال برقراررکھیں گے جن کو سابق چیف منسٹر کے چندرشیکھرراؤ استعمال کرتے تھے۔
