کے سی آر ابھی بھی تلنگانہ کے چیف منسٹر؟کانگریس حکومت کو خفت

KCR-1

تلگو کی نصابی کتب میں اس سال ایک بڑی گڑبڑ سامنے آئی۔ ان نصابی کتابوں میں گزشتہ سال کے پیش لفظ کے ساتھ کے چندر شیکھر راؤ (کے سی آر) کا نام بطور چیف منسٹر اس سال کے کتابوں میں بھی طبع ہوگیا۔ اس گڑبڑ سے تلنگانہ کی کانگریس حکومت کو خفت اٹھانی پڑی ہے۔ اول تا دہم کی نئی نصابی کتابوں کو طلبہ میں تقسیم کیا گیا جس میں گزشتہ سال کا پیش لفظ شائع ہوگیا۔ گرمائی تعطیلات کے بعد2 جون کو اسکولوں کی کشادگی کے پہلے دن اول تا دہم جماعت کی تلگو نصابی کتابیں تقسیم کی گئیں۔ ذرائع نے جمعہ کے روز دعویٰ کیا کہ عہدیداروں نے ابتداء میں ان کتابوں کو واپس طلب کرنے کی کوشش کی مگر اب عہدیدار یہ مشورہ دے رہے ہیں کہ اب اس پیش لفظ کو (اندرونی) کور پیج کے پچھلے صفحات پر چسپاں کیا جائے تاکہ سابق حکومت کا حوالہ نظر نہ آنے پائے۔ جمعرات کے روز ربط پیدا کرنے پر محکمہ تعلیمات کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ طلبہ میں کوئی مخصوص، خاص کتابیں تقسیم نہیں کی گئیں۔ بلکہ چند ایک اصلاحات، ترامیم کے ساتھ نصابی کتب طلبہ میں تقسیم کئے جاتے ہیں مگر تلنگانہ اسٹیٹ یونائیٹڈ ٹیچرس فیڈڑیشن نے جمعہ کے روز ریاستی حکومت سے اس معاملہ کی انکوائری کرانے، اس غلطی کے ذمہ دار عہدیداروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ فیڈریشن کے جنرل سکریٹری چاوا روی نے الزام عائد کیا کہ اسٹیٹ کونسل آف ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ ٹریننگ (ایس سی ای آر ٹی) کے عہدیداروں کے تساہل، غفلت سے یہ بھیانک غلطی سرزد ہوئی ہے۔ انہوں نے حکومت سے اس سارے معاملہ کی تحقیقات کرانے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کامطالبہ کیا۔ روی نے یاد دلایا کہ گزشتہ سال بھی عہدیداروں نے تساہل سے کام لیا تھا۔ عہدیداروں نے اسکولی نصابی کتابوں کے سرورق پر ”سوشلسٹ اور سیکولر“ الفاظ کے بغیر ہی دستور کا پریمبل شائع کرایا تھا۔ اپوزیشن بی آر ایس نے ریاست کی کانگریس حکومت کو یہ کہتے ہوئے شدید تنقید کا نشانہ بنایا کہ سرکاری اسکولوں کے طلبہ میں تقسیم کردہ نصاب کتابوں کو محض اس لئے واپس طلب کیا جارہا ہے کیونکہ ان کتب کے دیباچہ میں کے سی آر کے نام کا حوالہ دیا گیا ہے۔ بی آر ایس ایم ایل اے و سابق وزیر تعلیم پی سبیتا اندرا ریڈی نے پوچھا کہ یہ عمل کہاں تک جائز ہے کہ نصاب کتابوں کو واپس لیا جائے یا ان صفحات کو پھاڑ دیا جائے یا پھر کوئی دوسرا صفحہ چسپاں کردیا جائے کہ اس میں کے سی آر کا نام درج ہے۔