اے پی: وائی ایس آرکانگریس کے دفتر کی زیرتعمیر عمارت منہدم کردی گئی: ویڈیو

JAGAN2

آندھراپردیش کے ضلع گنٹور کے سیتانگر میں ریاست کی اصل اپوزیشن وائی ایس آرکانگریس کے دفتر کی زیرتعمیر عمارت کو عہدیداروں نے منہدم کردیا۔ سی آر ڈی اے نے اس مبینہ غیر قانونی تعمیر پر وائی ایس آرکانگریس کو نوٹس جاری کی ہے۔ حکام نے انہدام کا کام ہفتے کی صبح شروع کیا۔ جگن حکومت نے آبپاشی کی اراضی پارٹی دفتر کو الاٹ کی تھی۔ ہفتہ کی صبح اس عمارت کی انہدامی کارروائی شروع کی گئی۔ محکمہ آبپاشی کی 14 ایکر اراضی پر قبضہ کا الزام ہے۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ وائی ایس جگن موہن ریڈی نے اس اراضی پر قبضہ کرتے ہوئے دو ایکر پر پارٹی آفس تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔وائی ایس آر کانگریس کے دور حکومت میں اس اراضی کو انتہائی کم قیمت میں پارٹی کے دفتر کی تعمیر کے لئے لیز پر لیا گیا۔ اس لیز کو محکمہ آبپاشی کی جانب سے اجازت بھی نہیں لی گئی اور تعمیری کاموں کی اجازت بھی نہیں لی گئی جس کی وجہ سے اس غیر قانونی تعمیر کو مہندم کردیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ صرف دو گھنٹے میں پارٹی دفتر کو بلڈوزر سے منہدم کر دیا گیا۔ اس واقعہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے وائی ایس آر سی پی لیڈروں نے ریاست کی حکمران جماعت تلگودیشم پر انتقامی سیاست کرنے کا الزام لگا یا اور کہا کہ اس مسئلہ کو ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کے باوجود پارٹی دفتر کو غیر قانونی طور پر منہدم کیاجارہا ہے۔