کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں، شہزاد علی کا بنگلہ گرائے جانے پر چیف منسٹر مدھیہ پردیش کا ردِعمل

Mohan-Yadav

مدھیہ پردیش کے چیف منسٹر موہن یادو نے کہا ہے کہ کوئی بھی فرد قانون سے بالاتر نہیں ہے۔ حکومت ازروئے قانون کام کررہی ہے۔کانگریس قائد پرینکا گاندھی وڈرا نے ضلع چھترپور میں ’بلڈوزرانصاف‘ پر سوال اٹھایا تھا۔ چیف منسٹر سے جب پرینکا گاندھی کے پوسٹ کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ مجھے صرف اتنا کہنا ہے کہ کوئی بھی قانون سے اوپر نہیں ہے۔ قانون کی حکمرانی ہے۔حکومت قانون توڑنے والوں کے خلاف کارروائی کررہی ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تعمیراتی کام منظوری لینے کے بعد کرنا چاہئے۔ اگر آپ کنسٹرکشن پرمیشن نہیں لیتے اور آپ مختلف طریقوں سے دہشت کا دوسرا نام بن جاتے ہیں تو اڈمنسٹریشن اپنا کام کرنے کے لئے آزاد ہے۔کانگریس نے شہزادعلی نامی شخص کا بنگلہ جمعرات کے دن ڈھائے جانے پر حکومت مدھیہ پردیش کو نشانہ تنقید بنایا تھا۔ پرینکا گاندھی وڈرا نے کل کہا تھا کہ بلڈوزر انصاف پوری طرح ناقابل قبول ہے اور یہ سلسلہ رکنا چاہئے۔ انہوں نے کہا تھا کہ راج دھرم کا پالن نہ کرنے والا نہ تو سماج کلیان کرسکتا ہے اور نہ دیش کلیان۔ مہنت رام گری نے مہاراشٹرا کے ضلع ناسک کے تعلقہ سنار کے ایک موضع میں اسلام کے خلاف قابل اعتراض ریمارکس کئے تھے۔ چہارشنبہ کے دن مدھیہ پردیش کے مسلمانوں نے اس کے خلاف احتجاج کیا تھا۔ جس کے دوران تشدد برپا ہوا تھا۔ دو پولیس والے زخمی ہوئے تھے اور کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا تھا۔ تشدد میں مبینہ ملوث ہونے پر شہزاد علی کا بنگلہ گرادیا گیا۔