روی کشن نے مہاراشٹرا میں دہرایا یوگی کا بنٹوگے تو کٹوگے کا نعرہ، کہا ہندو مذہب کے تحفظ کے لئے مہایوتی کو ووٹ دیں

اسمبلی انتخابات کی تاریخ قریب آتے دیکھ کر سیاسی جماعتوں نے اپنی تمام طاقت اپنے امیدواروں کی انتخابی مہم میں لگا دی ہے۔ ووٹرز کو راغب کرنے کے لیے ڈور ٹو ڈور انتخابی مہم کے ساتھ ساتھ عوامی جلسے اور روڈ شو بھی جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں بی جے پی ایم پی اور اداکار روی کشن نے وسائی اسمبلی حلقہ سے مہایوتی کی بی جے پی امیدوار سنیہا دوبے پنڈت کی انتخابی مہم کے لیے منعقد کیے گئے روڈ شو میں حصہ لیا۔ اس دوران انہوں نے عوام سے مہایوتی کے امیدواروں کو ووٹ دینے کی اپیل کی ۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی اور اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے الفاظ کو دہرایا اور صحافیوں سے کہاکہ کہ ‘تم متحد رہو گے تو محفوظ رہو گے’۔ انہوں نے کہا کہ ہندوؤں کو ذات پات کی بنیاد پر تقسیم کیا جا رہا ہے، جب کہ دوسری برادریوں میں کبھی کسی کو الگ نہیں کیا جاتا۔ یہ ہندوؤں کے خلاف ایک طرح کی سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوگی جی کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ، وزیر اعظم نے صاف کہہ دیا ہے کہ ‘آپ متحد رہیں گے تو آپ محفوظ رہیں گے’، اور یہ حقیقت بھی ہے۔ بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ آپ ہندو بن کر ووٹ ڈالنے جائیں۔ قومی سوچ رکھیں اور ہندو مذہب کی پیروی کریں۔ روڈ شو میں بی جے پی ضلع صدر مہیندر پاٹل، کنوینر جے پی سنگھ سمیت مہایوتی پارٹیوں کے عہدیدار، کارکنان اور علاقہ کے لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
