انڈیگو کی پرواز میں پھر پنگا، سعودی جارہے طیارے کو ایمر جنسی میں پاکستان اتارا

سعودی عرب کے شہر جدہ جانے والی انڈیگو کی پرواز کو جہاز میں ہیلتھ ایمرجنسی کے باعث پاکستان کے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کرنا پڑا۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی(سی سی اے)ذرائع کے مطابق ہفتہ کو نئی دہلی سے اڑان بھرنے والے طیارے میں ایک مرد مسافر اس وقت شدید بیمار ہوگیا جب وہ پاکستان کی فضائی حدود میں تھا۔ جیو نیوز کے مطابق بیمار ہونے والے بھارتی مسافر کی عمر 55 سال ہے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ طیارے کے پائلٹ نے مسافر کو آکسیجن دیے جانے کے بعد بھی طبیعت ٹھیک نہ ہوئی توکراچی ایئرپورٹ پر ایئر ٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی)سے رابطہ کیا۔ انہوں نے کہا، کہ ایئر ٹریفک کنٹرول نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر انڈیگو کی پرواز کو کراچی میں لینڈ کرنے کی اجازت دی، جس کے بعد ایک طبی ٹیم مسافر کے ہنگامی علاج کے لیے طیارے کے پاس پہنچ گئی۔نیوز نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ مسافر کا علاج کرانے کے بعد طیارہ کراچی سے جدہ جانے کے بجائے واپس نئی دہلی روانہ ہوگیا۔
