بہار کے حاجی پور کے بعد این آئی اے نے مظفر پور میں کی چھاپہ ماری

بہار کے حاجی پور کے بعد اب این آئی اے کی ٹیم نے مظفر پور میں چھاپہ ماری کی ہے۔ این آئی اے کی ٹیم صبح کڑھنی بلاک کے ملکونی گاؤں پہنچی اور مکھیا نند کمار رائے عرف بھولارائے کی رہائش گاہ پر چھاپہ ماری کی ۔یہ کارروائی صبح پانچ بجے سے جاری ہے۔ ٹیم مکھیا بھولارائے کے گھر کے کونے کونے کو کھنگال رہی ہے۔ اس دوران نقدی اور دیگر مشکوک چیزوں کی برآمدگی کی اطلاع ہے۔ قبل میں مکھیا کا بیٹا اے کے 47 کی بازیابی کے لیے جیل گیا تھا۔ این آئی اے اور پولیس حکام تفصیلات بتانے سے گریز کر رہے ہیں۔اس سے پہلے 13 دسمبر کو این آئی اے نے سیتامڑھی کے باجپتی میں ایک چکن بیچنے والے دکاندار عبدالعلیم کے گھر پر چھاپہ ماری کی تھی۔ ٹیم نے عبدالعلیم سے کئی گھنٹے تک پوچھ گچھ کی۔ کہا جا رہا ہے کہ این آئی اے کی ٹیم نے آسام سے متعلق ایک معاملے میں چھاپہ ماری کی تھی۔
