ڈاکٹر حنا شفیع بھٹ نے روزگار سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا

جموں و کشمیر کھادی اینڈ ولیج انڈسٹریز بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر حنا شفیع بھٹ نے آج روزگار سے متعلق پروگراموں کی کامیاب عمل درآمد کا جائزہ لینے کے لیے جموں ڈویژن کے ضلعی افسران کے ساتھ سول سیکریٹریٹ میں ایک اجلاس منعقد کیا۔اجلاس میں سکریٹری ،سی ای او ڈاکٹر جگدیش چندر اور دیگر اعلیٰ عہدیدار شریک تھے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ رواں مالی سال کے دوران 2027 درخواستوں کو 42.83 کروڑ روپے کے مارجن منی کے ساتھ منظوری دی گئی ہے۔ ڈاکٹر حنا شفیع بھٹ نے کہا کہ وزیر اعظم ایمپلائمنٹ جنریشن پروگرام اور جموں و کشمیر رورل ایمپلائمنٹ جنریشن پروگرام جیسے منصوبے نوجوانوں کو کاروبار شروع کرنے اور خطے کی معیشت کو مضبوط کرنے کے لیے اہم مواقع فراہم کر رہے ہیں۔انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ خواتین اور پسماندہ طبقوں کی درخواستوں کو ترجیح دی جائے اور نئے و تخلیقی منصوبوں کو فروغ دیا جائے تاکہ صنعتی شعبے میں تنوع پیدا کیا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ ان پروگراموں کے فوائد مستحق افراد تک پہنچانے کے لیے تمام متعلقہ افراد کو مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ معاشی ترقی ممکن ہو سکے۔
