ریونت ریڈی اور چندرا بابو نائیڈو ڈاؤس پہنچ گئے

تلگو ریاستوں کے چیف منسٹرس سوئزرلینڈ پہنچ گئے جہاں وہ ورلڈ اکنامک فورم کے سالانہ اجلاس میں شرکت کریں گے ۔ چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی اور چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرا بابو نائیڈو سوئزرلینڈ کے دارالحکومت پہنچنے پر زیورچ ہوائی اڈہ پر ان کا مقامی تلگو باشندوں کی جانب سے استقبال کیا گیا۔ ڈاؤس کانفرنس سے قبل دونوں چیف منسٹرس نے ملاقات کی اور اپنی اپنی ریاستوں میں سرمایہ کاری کے مسئلہ پر بات چیت کی۔ بتایا جاتا ہے کہ دونوں چیف منسٹرس نے تلگو ریاستوں کی مجموعی ترقی کیلئے عالمی اداروں سے تعاون حاصل کرنے پر اصولی طور پر اتفاق کیا ہے۔ دونوں چیف منسٹرس نے ملاقات سے متعلق تصاویر سوشیل میڈیا میں وائرل کی جس میں تلگو ریاستوں کے وفود کافی خوشگوار موڈ میں دکھائی دے رہے ہیں ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی زیر قیادت اعلیٰ سطحی وفد پہلے زیورچ ایرپورٹ پہنچا ، اس کے بعد چندرا بابو نائیڈو وہاں پہنچے۔ دونوں قائدین نے کافی دیر تک بات چیت کی۔ ریونت ریڈی کے ہمراہ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی سریدھر بابو اور اعلیٰ عہدیدار موجود تھے جبکہ چندرا بابو نائیڈو کے ہمراہ ان کے فرزند اور وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی نارا لوکیش ، مرکزی وزیر شہری ہوابازی رام موہن نائیڈو اور دوسرے موجود تھے۔ ورلڈ اکنامک فورم کا سالانہ اجلاس 22 جنوری تک جاری رہے گا اور دونوں چیف منسٹرس نے سرمایہ کاری کے بہتر مواقع سے صنعت کاروں کو واقف کرانے کیلئے پاور پوائنٹ پریزینٹیشن تیار کیا ہے ۔ ایرپورٹ پر دونوں چیف منسٹرس کا ہندوستانی این آر آئیز کی جانب سے استقبال کیا گیا۔ اسی دوران چیف منسٹر تلنگانہ کے دفتر سے جاری کردہ پریس نوٹ میں کہا گیا ہے کہ زیورچ ایرپورٹ پر آج صبح تلگو این آر آئیز نے تلنگانہ وفد کا استقبال کیا۔ کانفرنس کے پہلے دن ریونت ریڈی کی کئی صنعت کاروں سے ملاقات طئے کی گئی ہے۔ بین الاقوامی اداروں سے ایک لاکھ کروڑ کی سرمایہ کاری کے نشانہ کے ساتھ ریونت ریڈی ڈاؤس پہنچے ہیں۔ قبل ازیں سنگا پور کے دو روزہ دورہ کے موقع پر بعض آئی ٹی کمپنیوں سے تلنگانہ حکومت کے معاہدات طئے پائے ہیں۔
