78 رنز پر گرگئیں 5 وکٹیں، مشکل میں تھی ٹیم انڈیا، پھر تلک ورما نے ڈھایا قہر، دوسرا ٹی 20 جیتا ہندوستان

1737827297871

ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوینٹی میچ میں انگلینڈ کو شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ ہندوستانی کپتان سوریہ کمار یادو نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا جو ان کے لیے فائدہ مند ثابت ہوا۔ انگلینڈ نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ٹیم انڈیا کو 166 رن کا ہدف دیا تھا جس کا کامیاب تعاقب کرکے ہندوستانی ٹیم نے آخری اوور میں میچ جیت لیا۔ انگلینڈ کی جانب سے جوس بٹلر نے اچھی اننگز کھیلی لیکن انگلینڈ کے باقی بلے باز ان کا ساتھ نہیں دے سکے۔ بٹلر نے 30 گیندوں میں دو چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 45 رنز بنائے۔ انہوں نے تیز گیند باز ارشدیپ سنگھ کے ایک اوور میں دو چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ ارشدیپ نے پہلے ہی اوور میں فل سالٹ کو آؤٹ کر دیا۔ سالٹ کو واشنگٹن سندر نے اسکوائر لیگ باؤنڈری پر کیچ کیا۔ سندر کو اس وقت بڑی کامیابی ملی جب بین ڈکٹ ریورس سویپ کرنے کی کوشش کرتے ہوئے دھرو جورل کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوگئے۔ گس اٹکنسن کی جگہ ٹیم میں شامل آل راؤنڈر برائیڈن کارس نے تین چھکوں کی مدد سے 17 گیندوں پر 31 رنز بنائے لیکن جوفرا آرچر کے ساتھ رنز لینے کے دوران غلط فہمی کے باعث اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ اس کے علاوہ ہیری بروک نے جارحانہ آغاز کیا اور اسپنر ورون چکرورتی کو چھکا بھی لگایا۔ لیکن وہ چکرورتی کی ایک گیند پر پوری طرح دھوکہ کھا گئے اور گیند ان کے آف اسٹمپ سے جا ٹکرائی اور انہیں پویلین لوٹنا پڑ گیا۔ ہندوستان نے اپنے اسپنرز کی شاندار کارکردگی کی بدولت ہفتہ کو دوسرے T20I میں انگلینڈ کو 9 وکٹوں پر 165 تک محدود کردیا۔ ہندوستان کی جانب سے اکشر پٹیل اور ورون چکرورتی نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ اب ٹیم انڈیا کی ہدف کا تعاقب کرنے کی باری تھی ۔ اوپننگ کرنے اترے ابھیشیک شرما اور سنجو سیمسن ٹیم کو اچھی شروعات نہیں دلاسکے۔ دونوں بالترتیب 5 اور 12 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ سوریہ کمار یادو بھی کچھ خاص نہیں کر سکے۔ ہندوستان نے 78 رنز پر 5 وکٹیں گنوا دیں۔ اس میچ میں تلک ورما تیسرے نمبر پر بلے بازی کرنے اترے تھے۔ انہوں نے میچ میں مجموعی طور پر 55 گیندوں کا سامنا کیا اور 72 رنز بنائے۔ تلک نے ٹیم انڈیا کی اننگز کو ون مین آرمی کی طرح سنبھالا اور میچ میں کامیابی دلائی۔ تلک کے علاوہ واشنگٹن سندر نے بھی 26 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ تلک نے آخری اوور کی دوسری گیند پر چوکا لگا کر ہندوستان کو جیت دلائی۔