کھنوری میں ڈلیوال کے انشن کے61 روز مکمل، کسان ٹریکٹر مارچ میں طاقت کا مظاہرہ کریں گے

پنجاب کے کھنوری سرحد پر کسان رہنما جگجیت سنگھ ڈلیوال کے انشن کو ہفتہ کو 61 دن مکمل ہو گئے، کسانوں نے اتوار کو ٹریکٹر مارچ منعقد کرنے کی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی ہے۔ کسان لیڈروں نے کہا کہ یہ محاذ پوری طرح کسانوں کے مطالبات پر مرکوز ہے اور اس کا کسی دوسرے مسئلے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ طبی دیکھ بھال کے بعد ڈلیوال کی صحت میں مسلسل بہتری دکھائی دے رہی ہے۔ ڈاکٹروں کی ٹیم مسلسل ان کا علاج کر رہی ہے۔ کسان رہنماو¿ں نے کہا کہ 26 جنوری کو ملک بھر میں دوپہر 12 بجے سے ڈیڑھ بجے تک کسانوں کے ٹریکٹر سڑکوں پر ہوں گے اور ٹریکٹر مارچ نکالے جائیں گے۔ پنجاب اور ہریانہ میں سینکڑوں مقامات پر کسان اپنے ٹریکٹروں کے ساتھ بڑے پیمانے پر سڑکوں پر نکلیں گے۔ سنیوکت کسان مورچہ (غیر سیاسی) اور کسان مزدور مورچہ کی جانب سے 26 جنوری کو نکالے جانے والے ٹریکٹر مارچ کی تیاریاں بھی مکمل کرلی گئی ہیں۔ یہ مارچ پورے ملک میں شاپنگ مالز، سائلو، ٹول پلازوں، دفاتر اور بی جے پی لیڈروں کے گھروں کے سامنے نکالا جائے گا۔ اس کے لیے تمام کسان رہنما اپنے علاقوں میں سرگرم ہوں گے۔
