قطر کے امیر شیخ تمیم کی وزیراعظم مودی سے ملاقات، جانئے کن کن امور پر ہوا معاہدہ؟

قطر کے امیر فی الحال ہندوستان کے دورے پر ہیں۔ وزیراعظم مودی نے پیر کو سب سے پہلے ہوائی اڈے پر ان کا شاندار استقبال کیا۔ آج منگل کو انہوں نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے حیدرآباد ہاؤس میں گفتگو کی۔ اس دوران مرکزی وزیر ہردیپ پوری، پیوش گوئل، نرملا سیتارمن، منسکھ منڈاویہ اور پی کے مشرا موجود تھے۔ دونوں ممالک نے تجارت، ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں متعدد معاہدوں پر دستخط کئے۔ ہندوستان اور قطر نے وزیراعظم مودی اور قطر کے امیر شیخ تمیم کی موجودگی میں دو معاہدوں پر دستخط کئے۔ اس کے تحت دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک پارٹنرشپ کو باقاعدہ شکل دی جائے گی۔ دونوں ممالک نے دوہرے ٹیکس سے بچنے اور ٹیکسوں کے حوالے سے مالی چوری کی روک تھام کے لئے ایک نظرثانی شدہ معاہدے پر بھی دستخط کئے۔ دوہرے ٹیکس کا معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے (FTA) کے قیام کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ آج صبح وزیراعظم مودی نے حیدرآباد ہاؤس میں قطر کے امیر کے ساتھ بات چیت کی۔ وزارت خارجہ (MEA) نے کہا کہ اس خصوصی دو طرفہ شراکت داری کے لیے ایک نیا سنگ میل آنے والا ہے۔ شیخ تمیم بن حمد الثانی کو راشٹرپتی بھون میں صدر دروپدی مرمو نے رسمی گارڈ آف آنر بھی دیا۔ قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی دو روزہ سرکاری دورے پر ہندوستان آئے ہیں۔ مارچ 2015 کے بعد یہ ان کا دوسرا دورہ ہندوستان ہے اور وہ وزیر اعظم نریندر مودی کی دعوت پر آئے ہیں۔ ان کے ہمراہ وزراء، اعلیٰ حکام اور کاروباری نمائندوں پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی ہے۔ اس سے پہلے وزیر اعظم مودی نے پیر کی شام دیر گئے دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کا استقبال کیا۔ وزیر اعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا : ”قطر کے امیر عزت مآب شیخ تمیم بن حمد الثانی کے استقبال کے لیے ہوائی اڈے پر گیا۔ میں ان کے ہندوستان میں کامیاب قیام کی خواہش کرتا ہوں اور منگل کو ہماری ملاقات کا منتظر ہوں”۔
