کالج آف نرسنگ میں کلینیکل ماحول میں نرسنگ کی معیاری تعلیم پر انٹرایکٹیو سیشن منعقد

n654715486174118738786342ca8173968e8d0e79e0db11ecbd23bcbacb672f1ef08144355153835ea702a7

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے کالج آف نرسنگ نے کلینیکل ماحول میں نرسنگ کی معیاری تعلیم کے موضوع پر ایک انٹرایکٹیو سیشن کا اہتمام کیا۔ حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی پروفیسر حبیب رضا، ڈین، فیکلٹی آف میڈیسن، اور پرنسپل، جے این میڈیکل کالج نے نرسنگ کمیونٹی کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے مستقبل میں نرسنگ میں ایم ایس سی اور پی ایچ ڈی شروع کرنے کا مشورہ دیا۔ مہمان اعزازی، فارنسک میڈیسن شعبہ کی پروفیسر سعدیہ سعید نے صحت کی دیکھ بھال میں نرسوں کے اہم کردار کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہاکہ نرسنگ ہر طبی ادارے کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور اسمیں اعلیٰ پیشہ ورانہ معیارات کو برقرار رکھنا چاہیے۔ کمیونٹی میڈیسن شعبہ کے پروفیسر نجم خلیق نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے اور مریضوں کی دیکھ بھال میں مؤثر کردار ادا کرنے کے لیے تندہی سے کام کریں۔ اس پروگرام نے اسسٹنٹ نرسنگ سپرنٹنڈنٹس، وارڈ انچارجز، نرسنگ ایجوکیٹرز اور طلبہ کو اپنے تجربات اور بصیرت کا اشتراک کرنے کا موقع فراہم کیا۔ قبل ازیں مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کالج کی پرنسپل پروفیسر فرح اعظمی نے کالج کی پیش رفت پر روشنی ڈالی اور سیٹوں کی تعداد 20 سے بڑھاکر 60 کرنے سمیت دیگر دستیابیوں کا ذکر کیا۔ انھوں نے نرسنگ میں مسلسل ہنر فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔ آخر میں جنرل ٹیوٹر مسز مہوش مسیح نے اظہار تشکر کیا۔