کتنے کپتانوں کا کریئر اس چیمپئنز ٹرافی نے کردیا ختم! ایک کو ٹیم سے نکالا، ایک لیجنڈ کا ریٹائرمنٹ

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 اب تک ہندوستانی ٹیم کے لیے بہت اچھی رہی ہے۔ جیت کے رتھ پر سوار ہندوستان ٹیم فائنل میں پہنچ چکی ہے۔ ٹیم انڈیا نے منگل کی رات آسٹریلیا کو 4 وکٹ سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔ چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہونے کے بعد کپتان اسٹیو اسمتھ نے ون ڈے کرکٹ کو الوداع کہنے کا فیصلہ کرلیا۔ شرمناک کارکردگی دکھانے والے میزبان پاکستان کے کپتان پر بھی گاج گری جب کہ انگلینڈ کے کپتان نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ اس بار کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی نے کئی کپتانوں کے لئے مشکلات کھڑی کر دیں۔ اس نے ایک دو نہیں بلکہ تین ٹیم کے کپتانوں کا کام خراب کیا۔ ٹورنامنٹ میں اترنے سے پہلے ہی جیت کا دعوی کرنے والی پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کی شکست سب نے دیکھی۔ پاکستان کو ایک بھی جیت نہیں ملی۔ پہلے نیوزی لینڈ نے شکست دی اور پھر ہندوستانی ٹیم نے ہرا کر چیمپئنز ٹرافی سے باہر کر دیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کپتان محمد رضوان سے اتنا ناراض ہوگیا کہ انہیں ٹی ٹوینٹی ٹیم سے ڈراپ کر دیا۔ ان کی جگہ سلمان آغا کو دورہ نیوزی لینڈ پر ٹی ٹوینٹی کا کپتان بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ چیمپئنز ٹرافی سے قبل ہندوستان کا دورہ کرنے والی انگلینڈ کی ٹیم کو ون ڈے سیریز میں کلین سویپ کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس شکست کے بعد ٹیم نے ایک بیان میں کہا تھا کہ وہ ہندوستان میں شکست پر غمزدہ نہیں ہے، کیونکہ وہ چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں ہندستانی ٹیم کو ہرانا چاہتی ہے ۔ صورتحال ایسی بن گئی کہ افغانستان کی ٹیم سے ہارنے کے بعد جوس بٹلر کی ٹیم کو ٹورنامنٹ سے باہر ہونا پڑگیا۔ سیمی فائنل میں جگہ بنانے میں ناکامی کے بعد بٹلر نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کرلیا۔ چیمپیئنز ٹرافی میں چل رہی ہندوستانی ٹیم کی آندھی میں آسٹریلیائی ٹیم سیمی فائنل میچ میں ٹک نہ سکی۔ اسٹیو اسمتھ کی کپتانی میں کھیلنے والی کنگارو ٹیم نے ٹاس جیتا لیکن میچ روہت شرما کی ٹیم نے جیت لیا۔ 265 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ہندوستان نے وراٹ کوہلی کی شاندار اننگز کی بدولت آسٹریلیا کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر باہر کا راستہ دکھا دیا۔ اس شکست کے بعد اسٹیو اسمتھ نے اپنا ون ڈے کیریئر ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
