حیدرآباد میں بھکاریوں کی بازآبادکاری مہم، درجنوں بھکاریوں کو شیلٹر ہومس منتقل کیا

حیدرآباد میں عوامی انتظامیہ کے ترقیاتی منصوبہ کے تحت شہر کو بھکاریوں سے پاک بنانے اور ضرورت مند افراد کی بازآبادکاری کے لئے ایک خصوصی مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔ اس مہم کے دوران گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (GHMC) کے حدود میں واقع 30 سرکل میں کارروائیاں انجام دی گئیں جن میں مجموعی طور پر 107 بھکاریوں کی نشاندہی کی گئی ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ یہ مہم شہر کے حساس اور مصروف ترین علاقوں میں چلائی گئیں جن میں ریلوے اسٹیشنس ، بس اسٹیشنس اور اہم چوراہوں کے ساتھ ساتھ مذہبی مقامات شامل ہیں۔ ان مقامات پر خصوصی ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے بھکاریوں کو تحویل میں لے لیا اور بازآبادکاری کے تحت مختلف اقدامات کئے گئے۔ 37 بھکاریوں کو چوٹ اپل کے قریب واقع اماں۔ننا یتیم خانہ کو منتقل کیا گیا جبکہ 40 بھکاریوں کو جی ایچ ایم سی کے زیر انتظام مختلف شیلٹر ہومس میں داخل کرایا گیا ، مابقی افراد کو کونسلنگ کے ذریعہ ان کے آبائی علاقوں کو واپس بھیج دیا گیا۔
