کے سی آر نے ورنگل پہنچ کر سابق رکن اسمبلی سدرشن ریڈی کے پسماندگان سے ملاقات کی

بی آر ایس کے سربراہ اور سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج ورنگل ضلع کے نیلابیلی گاؤں پہنچ کر سابق رکن اسمبلی آنجہانی پی سدرشن ریڈی کے پسماندگان اور افراد خاندان سے ملاقات کی۔ نرسم پیٹ اسمبلی حلقہ کے سابق رکن پی سدرشن ریڈی کا شمار کے سی آر کے بااعتماد رفقاء میں ہوتا ہے جن کا حال ہی میں قلب پر حملے سے دیہانت ہوگیا۔ مذہبی رسومات کے ایام کی تکمیل کے بعد کے سی آر آج پارٹی قائدین کے ہمراہ سدرشن ریڈی کے آبائی گاؤں نلابیلی پہنچے اور بیوہ کے علاوہ بچوں اور دیگر افراد خاندان سے ملاقات کی جن میں سدرشن ریڈی کی ماں بھی شامل ہیں۔ کے سی آر نے اس موقع پر سدرشن ریڈی کے دو بچوں کے لئے فی کس ایک کروڑ روپے جبکہ بیوہ کو 25 لاکھ روپے کی امداد سے متعلق چیکس پر دستخط کرتے ہوئے حوالے کیا۔ بچوں کے تعلیمی اور دیگر اخراجات کی تکمیل کے لئے فی کس ایک کروڑ روپے کی امداد دی گئی جبکہ گھریلو اخراجات کے لئے کے سی آر نے بیوہ کو 25 لاکھ کا چیک حوالے کیا۔ کے سی آر سدرشن ریڈی کی قیامگاہ پر کافی دیر تک موجود رہے اور بیوہ اور بچوں کے علاوہ ماں کو پارٹی کی جانب سے ہر ممکن مدد کا بھروسہ دلایا۔ انہوں نے گزشتہ 26 برسوں سے ورنگل ضلع میں بی آر ایس کے استحکام میں سدرشن ریڈی کے رول اور پارٹی سے وفاداری کی ستائش کی۔ کے سی آر طویل گاڑیوں کے قافلے سے بذریعہ سڑک حیدرآباد سے نرسم پیٹ کے نلابیلی گاؤں پہنچے جہاں پارٹی کارکنوں نے بڑی تعداد میں ان کا استقبال کیا۔ حیدرآباد سے ورنگل کے راستے پر جگہ جگہ بی آر ایس کے کارکن استقبال کے لئے موجود تھے۔ کے سی آر کے ہمراہ کونسل میں قائد اپوزیشن مدھوسدن چاری، رکن راجیہ سبھا روی چندر، ارکان اسمبلی کوشک ریڈی، پی راجیشور ریڈی، پرشانت ریڈی، سابق ارکان پارلیمنٹ سنتوش کمار، جی ونود کمار، سابق وزراء ای دیاکر راؤ، ڈاکٹر راجیا اور دیگر قائدین موجود تھے۔ کے سی آر نے سدرشن ریڈی کے بچوں کو گلے لگالیا اور انہیں آشیرواد دیتے ہوئے کسی بھی مسئلہ کی صورت میں ان سے رجوع ہونے کا مشورہ دیا۔ سدرشن ریڈی کے پسماندگان اور افراد خاندان نے کے سی آر سے اظہار تشکر کیا کہ وہ تعزیت اور امداد کے لئے حیدرآباد سے نرسم پیٹ پہنچے۔
