ستمبر کے پہلے ہفتے میں اسمبلی و کونسل کے خصوصی اجلاس کی تیاریاں

23last_1

تلنگانہ اسمبلی اور کونسل کا مانسون سیشن توقع ہے کہ ستمبر کے پہلے ہفتہ میں ہوگا۔ اسمبلی اور کونسل حکام نے سیشن کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی بیرونی دورہ سے واپسی کے بعد اجلاس کی تاریخوں کا تعین کیا جائے گا۔ حکومت نے انتخابات میں حصہ لینے کی عمر کو 21 سال کرنے دونوں ایوانوں میں قرارداد کی منظوری کا فیصلہ کیا ہے۔ اسمبلی اور لوک سبھا کیلئے مقابلہ کی عمر 26 سال ہے تاہم تلنگانہ حکومت اسے گھٹاکر 21 سال کرنے کی مانگ کررہی ہے۔ دونوں ایوانوں میں مباحث کے بعد قرارداد منظور کرکے مرکز کو روانہ کی جائے گی۔ مانسون سیشن میں موسمی حالات میں تبدیلی، زرعی شعبہ کے علاوہ آبپاشی پراجکٹس پر مباحث کا امکان ہے۔ حکومت سرکاری بلز کی منظوری کیلئے تیاریاں کررہی ہیں۔ بتایا گیا کہ اجلاس محدود ایام کیلئے رہے گا۔ ذرائع کے مطابق ستمبر کے پہلے ہفتہ کا اجلاس خصوصی رہے گا جبکہ ستمبر کے اواخر میں مانسون سیشن کی تاریخوں کا تعین کیا جائے گا۔ ساؤتھ آفریقہ میں 13 تا 18 ستمبر کامن ویلتھ پارلیمنٹری کانفرنس کا انعقاد عمل میں آرہا ہے جس میں صدر نشین کونسل، اسپیکر اسمبلی اور عہدیدار شرکت کریں گے لہذا 10 ستمبر سے قبل دونوں ایوانوں کے اجلاس ختم ہو جائیں گے۔ چیف منسٹر کے قریبی ذرائع کے مطابق اسمبلی اور کونسل میں تزئین نو اور مرمتی کاموں کی عاجلانہ تکمیل کی ہدایت دی گئی ہے۔ دونوں ایوانوں کے درمیان پارلیمنٹ کی طرح سنٹرل ہال تیار کیا جارہا ہے۔ چیف منسٹر اور وزراء کے چیمبرس کی تزئین نو کے ذریعہ سہولتوں میں اضافہ کیا جائے گا۔