چیف منسٹر ریونت ریڈی کو آج کیرالا میں آریا دان محمد ایوارڈ

revent-reddy

چیف منسٹر ریونت ریڈی کو باوقار بیسٹ پبلک سروینٹ ایوارڈ کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔ کیرالا کے نامور اور مقبول کانگریس لیڈر آریا دان محمدسے یہ ایوارڈ موسوم کیا گیا۔ آریا دان محمد فاؤنڈیشن نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو کل 25 ستمبر کو آریا دان محمد 2026 ایوارڈ حاصل کرنے کیلئے کیرالا مدعو کیا ہے۔ فاؤنڈیشن کے کارگزار صدرنشین اور نیلمبور اسمبلی حلقہ کے رکن اسمبلی آریا دان شوکت نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی ویژنری لیڈرشپ اور تلنگانہ میں کسانوں ، پسماندہ طبقات اور دیگر طبقات کیلئے فلاحی اسکیمات پر عمل آوری کیلئے اس ایوارڈ کا مستحق قرار دیا گیا ہے ۔ ایوارڈ کیلئے جیوری نے یہ فیصلہ کیا جس میں رکن پارلیمنٹ بینی بہانند ، کیرالا کے وزیر مال اے پی انیل کمار اور نامور دانشور کے نارائنن شامل تھے۔ جیوری نے تلنگانہ کی ترقی اور کمزور طبقات کی فلاح و بہبود کیلئے ریونت ریڈی کی خدمات کو سراہا ۔ مرحوم آریا دان محمد کی چوتھی برسی کے موقع پر جمعہ کو سہ پہر 4 بجے نیلمبور کیرالا میں ایوارڈ پیش کیا جائے گا۔ ایوارڈ کے تحت ایک لاکھ روپئے نقد ، توصیف نامہ اور مومنٹو دیا جائے گا۔ اے آئی سی سی جنرل سکریٹری کے سی وینو گوپال آریا دان محمد میموریل لکچر دیں گے۔ واضح رہے کہ مرحوم آریادان محمد 8 مرتبہ اسمبلی کیلئے منتخب ہوئے اور کیرالا کی کابینہ میں کئی وزارتوں کی ذمہ داری نبھائی۔ سیکولر نظریات اور عوام کی بھلائی کے نظریہ کے باعث وہ عوام میں مقبول تھے۔