ایک وکٹ گر گئی مزید گریں گی ، ڈی ناگیندر کی نا اہلی پر کے ٹی آر کا ردعمل

TOP_9-16

اسمبلی حلقہ خیریت آباد کے ایم ایل اے ڈی ناگیندر کی نا اہلی کے معاملے میں سپریم کورٹ کی جانب سے ہائی کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھنے کے بعد تلنگانہ کی سیاست میں زبردست سنسنی پھیل گئی ہے ۔ اس عدالتی فیصلے پر بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ نے سوشیل میڈیا پلیٹ فارم ایکس ( ٹوئیٹر ) پر ایک انتہائی سنسنی خیز ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایک وکٹ گر گئی اور آنے والے دنوں میں مزید وکٹس گریں گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہائی کورٹ کے بعد سپریم کورٹ کا فیصلہ انحراف کی حوصلہ افزائی کرنے والی حکمران کانگریس کے منھ پر طمانچہ ہے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ بی آر ایس کے ٹکٹ اور بی فارم پر کامیاب ہونے کے بعد بی آر ایس چھوڑ کر کانگریس میں شمولیت اختیار کرنے والے دیگر انحراف زدہ ارکاناسمبلی کے خلاف بھی جلد ہی اسی طرح کا قانونی فیصلہ دیکھنے کو ملے گا ۔ واضح رہے کہ بی آر ایس سے کامیابی حاصل کر کے کانگریس میں شامل ہونے والے ڈی ناگیندر کے خلاف بی آر ایس کے ایم ایل اے پی کوشک ریڈی اور بی جے پی کے ایم ایل اے مہیشور ریڈی نے ہائی کورٹ میں اینٹی ڈیفیکشن ایکٹ کے تحت نا اہلی کی درخواست دائر کی تھی ۔ تقریبا دو سال تک فریقین کے دلائل سننے کے بعد ہائی کورٹ نے چند دن قبل ڈی ناگیندر کو نا اہل قرار دینے کا فیصلہ سنایا تھا ۔ ہائی کورٹ کے اس فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے ڈی ناگیندر نے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا تھا لیکن جمعرات کو سپریم کورٹ نے ان کی درخواست کی سماعت کے بعد ہائی کورٹ کے فیصلے کو برقرار کھا ۔ اس فیصلے کے ساتھ ہی خیریت آباد اسمبلی حلقہ میں ضمنی انتخاب کی راہ ہموار ہوگئی ہے ۔