یادادری تھرمل پاور اسٹیشن میں دسہرہ سے قبل برقی پیداوار شروع کرنے کی ہدایت

TOP_8-18

چیف منسٹر ریونت ریڈی نے دسہرہ فیسٹول سے قبل یادادری تھرمل پاور پراجکٹ میں مکمل صلاحیت کے ساتھ برقی تیاری کا آغاز کرنے کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے اعلیٰ سطحی اجلاس میں ریاست میں برقی شعبہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ چیف منسٹر نے محکمہ برقی کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ برقی جنریشن کیلئے درکار کوئلہ مہانندی کول فیلڈ اور کول انڈیا سے حاصل کریں۔ انہوں نے کوئلہ کی قلت کے سبب یادادری تھرمل پاور اسٹیشن میں برقی پیداوار روکنے پر ناراضگی جتائی ۔ ریونت ریڈی نے ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا سے کہا کہ وہ ریاست میں برقی پیداوار کے لئے کوئلہ کے بحران سے نمٹنے کیلئے مرکزی وزیر کوئلہ و کانکنی کشن ریڈی سے ملاقات کریں۔ تلنگانہ جینکو کے عہدیداروں سے کہا گیا کہ وہ دسہرہ فیسٹول سے قبل پاور جنریشن کا مکمل صلاحیت کے ساتھ آغاز کریں۔ چیف منسٹر نے تھرمل پاور جنریشن کے یونٹس کے لئے کوئلہ کی سربراہی کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں۔ عہدیداروں نے چیف منسٹر کو بتایا کہ یادادری اسٹیشن میں پیداوار کیلئے G-9 گریڈکوئلہ کی ضرورت ہے اور سنگارینی کالریز میں یہ کوئلہ دستیاب نہیں۔ سنگارینی کالریز میں مستقبل قریب میں جی 9 گریڈ کوئلہ کی پیداوار ممکن نہیں ہے۔ چیف منسٹر کو عہدیداروں نے بتایا کہ یادادری پاور اسٹیشن بی آر ایس دور حکومت میں سیاسی وجوہات کے تحت کوئل مائین سے فاصلہ پر تعمیر کیا گیا جس کے نتیجہ میں کوئلہ کی سربراہی سے حکومت پر 40 ہزار کروڑ کا اضافی بوجھ عائد ہورہا ہے ۔ چیف منسٹر اور ڈپٹی چیف منسٹر نے سنگارینی میں جی 9 گریڈ کوئلہ کی پیداوار کے امکانات تلاش کرنے کی ہدایت دی۔ عہدیداروں نے بتایا کہ سابق حکومت نے کول بلاکس کے آکشن میں حصہ نہیں لیا تھا اور سنگارینی کے تحت 14 کول مائینس کو بند کردیا گیا۔ چیف منسٹر نے ریاست میں برقی پیداوار ، خریدی اور مختلف شعبہ جات کو بلا وقفہ سربراہی کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے کہا کہ لفٹ اریگیشن اسکیمات کے پمپ ہاؤس کو برقی کی سربراہی میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔ انہوں نے ریاست کی موجودہ ضرورت اور برقی کی طلب کے مطابق برقی خریدی کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ پیداوار اور طلب کے درمیان توازن برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے زرعی شعبہ کو بلا وقفہ سربراہی کی ہدایت دی۔