راہول گاندھی کو وزیر اعظم کے عہدہ پر فائز کرنے عوام تیار: اتم کمار ریڈی

TOP_11-20

وزیر آبپاشی این اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ملک کے عوام راہول گاندھی کو وزیر اعظم کے عہدہ پر فائز کرنے کے لئے تیار ہیں۔ اتم کمار ریڈی سوریہ پیٹ ضلع کے نیرڈ چرلہ میں جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوری روایات اور اداروں کو کمزور ہونے سے بچانے کے لئے راہول گاندھی جدوجہد کررہے ہیں۔ انہوں نے دستور اور جمہوریت کے تحفظ کی مہم ملک گیر سطح پر شروع کی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ راہول گاندھی نے بی جے پی حکومت کو بے نقاب کرنے کے لئے گزشتہ ایک دہے سے جدوجہد کو جاری رکھا ہے۔ انتہائی بے قوف ہوکر راہول گاندھی بی جے پی کے فاشسٹ نظریات کے خلاف عوام کے درمیان شعور بیداری میں مصروف ہیں۔ بی جے پی اور حکومت کی مخالفت اور سیاسی حملوں کے باوجود راہول گاندھی عوام کو ان کے دستوری حقوق کے بارے میں واقف کرا رہے ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ صرف انتخابات کے ذریعہ ملک میں جمہوریت کا اندازہ نہیں کیا جاسکتا بلکہ جمہوری اور دستوری اداروں کی آزادی سے جمہوریت کا تعین کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے دستوری حقوق کے تحفظ کے لئے کانگریس پارٹی جدوجہد کررہی ہے۔ الیکشن کمیشن کے ذریعہ ووٹ چوری کے معاملہ کو راہول گاندھی نے عوام کے سامنے پیش کیا۔ انہوں نے الیکشن کمیشن کے اس دعوے کو مسترد کردیا کہ تمام فیصلے متفقہ طور پر کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے بارے میں جن اندیشوں اور خدشات کا اظہار کیا جارہا ہے ان کا جواب دیا جانا چاہئے۔ عوامی اعتماد کی بحالی کے لئے الیکشن کمیشن کی کارکردگی شفافیت کی بنیاد پر ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ معمولی وجوہات کا بہانہ بناکر عوام کو رائے دہی کے حق سے محروم نہیں کیا جاسکتا۔ بی جے پی الیکشن کمیشن کے ذریعہ بڑی تعداد میں رائے دہندوں کے ناموں کو فہرست سے حذف کرنے کی سازش کررہی ہے۔ واہول گاندھی نے عوامی جدوجہد کے ذریعہ دستوری حقوق کے تحفظ کا بیڑا اٹھایا ہے۔ انہوں نے کانگریس کیڈر سے اپیل کی کہ وہ راہول گاندھی کی جدوجہد میں شامل ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ دستوری اور جمہوری اداروں کے تحفظ کے لئے راہول گاندھی نے جس جرأت اور حوصلے کا مظاہرہ کیا ہے اس کے ذریعہ عوام انہیں وزیر اعظم کے عہدے پر فائز کرنے تیار ہیں۔