SIR میں عوام سے تعاون کرنےبوتھ لیول ایجنٹس کو ہدایت

ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ کانگریس کے نظریات اور حکومت کی فلاحی اسکیمات عوام تک پہنچانے میں بوتھ لیول ایجنٹس اہم رول ادا کرسکتے ہیں۔ بھٹی وکرامارکا نے کھمم ضلع میں پارٹی کے بوتھ لیول ایجنٹس اور کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کیا اور SIR مہم کے دوسرے مرحلہ میں چوکسی کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ووٹر لسٹ میں حقیقی اور اہلیت رکھنے والے افراد کے ناموں کی شمولیت کی ذمہ داری بوتھ لیول ایجنٹس پر عائد ہوتی ہے۔ الیکشن کمیشن سے جن افراد کو نوٹس جاری کی گئی انہیں دستاویزات کی پیشکشی کیلئے تعاون کرنے میں بوتھ لیول ایجنٹس کو اہم رول ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی عوامی حکومت کی فلاحی اسکیمات اور ان کے فوائد کو عوام تک پہنچانا کارکنوں کی ذمہ داری ہے۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ حکومت کی 3 سالہ کارکردگی اور کارناموں کی تفصیلات سے عوام کو واقف کرایا جائے گا۔ بی آر ایس نے 10 سالہ دور حکمرانی میں عوامی مسائل کی یکسوئی پر کوئی توجہ نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں پہلی مرتبہ کسی ریاست میں غریبوں کو راشن کارڈ پر باریک چاول مفت سربراہ کیا جارہا ہے۔ تلنگانہ میں ایک کروڑ 6 لاکھ خاندانوں کو فی کس 6 کیلو چاول سربراہ کیا جارہا ہے۔
