دنیا کے 46 فیصد آبی حصے پر بحرالکاہل کا تسلط

کرۂ ارض پر وسعت کے اعتبار سے 5 سمندروں کو سبقت حاصل ہے جو دنیا کے قابل لحاظ حصے پر محیط ہیں بحرالکاہل دنیا کا سب سے بڑا سمندر شمار کیا جاتا ہے جو پانی کے مجموعی 46.6 حصے پر محیط ہے اور اس کا احاطہ 168.7 ملین مربع کیلو میٹر ریکارڈ کیا گیا ہے۔ بحراوقیانوس 23.5 آبی حصے پر محیط ہے اور اس کا رقبہ 85.1 ملین مربع کیلو میٹر ریکارڈ کیا گیا ہے۔ دنیا کے 5 بڑے سمندروں میں بحرہند 70.6 ملین مربع گز پر محیط ہے اور وہ دنیا کے 19.5 فیصد آبی حصے کا احاطہ کئے ہوئے ہے۔ دیگر دو بڑے سمندروں میں بحرمنجمد جنوبی جسے بحرجنوبی بھی کہا جاتا ہے اور بحرمنجمد شمالی اعلی الترتیب 5.6 فیصد اور 3.9 فیصد آبی حصے پر محیط ہیں۔ ان دونوں سمندروں کا احاطہ 20.3 اور 14 ملین مربع کیلو میٹر بتایا جاتا ہے۔ دنیا کے سب سے بڑے سمندر بحرالکاہل کو پرسکون سمندر بھی کہا جاتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ پرتگال کے ایک جہاز راں نے بحرالکاہل یہ نام دیا ہے۔ فرڈینڈ میگلین نامی جہاز راں نے 1520 میں لاطینی زبان میں اس سمندر کا نام پرسکون سمندر رکھا کیونکہ سفر کے دوران سمندر کا پانی اسے نسبتاً پرسکون لگا۔ ماہرین کے مطابق بحرالکاہل دنیا کا سب سے بڑا اور گہرا سمندر ہے۔ بحراوقیانوس جسے بحرظلمات بھی کہا جاتا ہے اس کا شمار دنیا کے دوسرے بڑے سمندر کے طور پر ہے جو سطح زمین کے 5/1 حصے پر محیط ہے۔ اس سمندر کا نام یونانی لوک کہانیوں سے لیا گیا ہے۔ اٹلانٹک کا مطلب اطلس کا بیٹا ہے۔ واضح رہے کہ عربی میں سمندر کو ’اوقیانوس‘ یا ’بحر‘ کہا جاتا ہے۔
