کے ٹی آر کے مضبوط گڑھ سرسلہ میں آج ریونت ریڈی کا دورہ

revent-reddy

بی آر ایس کے سرکردہ قائدین کے حلقہ جات میں کانگریس کے استحکام پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کے ٹی آر، کے سی آر اور ہریش راؤ کے اسمبلی حلقہ جات میں عام جلسوں کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ ریونت ریڈی اِس منصوبہ کے تحت کل 30 ستمبر کو بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ کے اسمبلی حلقہ سرسلہ کا دورہ کرتے ہوئے بڑے جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ کے ٹی آر 2009ء سے مسلسل اِس حلقہ سے کامیابی حاصل کررہے ہیں اور ریونت ریڈی چیف منسٹر کی حیثیت سے پہلی مرتبہ سرسلہ میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ سرسلہ میں کانگریس کی ریالی اور جلسہ عام کے سلسلہ میں ریاستی وزراء کو اہم ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔ بی آر ایس کے سرکردہ قائدین کی جانب سے حکومت کے خلاف مہم میں شدت کے جواب میں چیف منسٹر نے تینوں قائدین کے حلقہ جات کے دورے کا فیصلہ کیا ہے۔ سرسلہ میں چیف منسٹر 345.78 کروڑ کے ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔