سوشل میڈیا کے اِس دور میں ہندوستان مطالعہ کے شوق میں دنیا میں سرفہرست

سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل میڈیا کے اِس دور میں مطالعہ کا شوق انحطاط پذیر دکھائی دے رہا ہے۔ جس طرح سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل میڈیا کے باوجود ہندوستان میں پرنٹ میڈیا نے اپنی انفرادیت کو برقرار رکھا ہے، اُسی طرح آج بھی ایسے باذوق افراد موجود ہیں جو اپنی مصروفیات میں سے مطالعہ کا وقت نکال لیتے ہیں۔ مطالعہ مذہبی کتابوں کا ہو یا پھر میگزینس یا دیگر کتابوں کا، اُن میں ہندوستان کو دیگر ممالک پر سبقت حاصل ہے۔ ماہرین نے ایک ہفتے کے دوران مطالعہ کے وقت کے تعین کے سلسلہ میں 10 ممالک کا سروے کیا جس میں ہندوستان سرفہرست رہا۔ سروے کے مطابق ملک میں ہفتے میں کم از کم 10 گھنٹے 42 منٹ کا وقت مطالعہ پر صرف کیا جاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق قومی اور بین الاقوامی سطح کے میگزینز اور نامور ادیبوں اور مصنفین کی کتابوں کی مقبولیت آج بھی ہندوستان میں برقرار ہے۔ سروے میں بتایا گیا کہ تھائی لینڈ میں مطالعہ کے لئے ہفتے میں 9 گھنٹے 24 منٹ کا وقت مختص کیا جاتا ہے۔ چین، فلپائن، مصر، چیک ریپبلک، روس، سویڈن، فرانس، ہنگری اور سعودی عربیہ میں بھی مطالعہ کے باذوق افراد کی قابل لحاظ تعداد موجود ہے جو ہفتے میں کم از کم 6 تا 8 گھنٹے مطالعہ پر صرف کرتے ہیں۔ تھائی لینڈ کے بعد چین ہفتے میں 8 گھنٹوں کے اعتبار سے مطالعہ کے شوقین ممالک کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہے۔ مصر میں 7 گھنٹے 30 منٹ، روس 7 گھنٹے 6 منٹ اور سعودی عرب میں 6 گھنٹے 48 منٹ کا وقت ایک ہفتے کے دوران مطالعہ کے لئے مختص کیا جاتا ہے۔ دنیا کے اہم ممالک میں مطالعہ کے شوقین افراد کی موجودگی مختلف زبانوں کے ادیب، شعراء اور مقالہ نگاروں کے لئے خوشخبری سے کم نہیں۔
