سرکاری ملازمین اور پنشنرس کیلئے مہنگائی بھتے کی دو اقساط کو کابینہ کی منظوری

1last_2

تلنگانہ کابینہ نے سرکاری ملازمین اور پنشنرس کیلئے مہنگائی بھتے کی دو اقساط کو منظوری دی ہے ۔ کابینہ نے مہنگائی بھتہ تنخواہ اور پنشن کے ساتھ ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ریاستی کابینہ کا اجلاس چیف منسٹر ریونت ریڈی کی صدارت میں آج سکریٹریٹ میں منعقد ہوا۔ تقریباً 4 گھنٹے تک چلے اجلاس میں ملازمین کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے مطالبات ، مانسون کی ناکامی کی صورت میں زرعی شعبہ پر منفی اثرات ، برقی پیداوار و سربراہی کے علاوہ سیکشن 22A کے تحت ممنوعہ فہرست میں شامل اراضیات و جائیدادوں کے مسائل کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر مال پی سرینواس ریڈی نے وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر اور وزیر ایس سی ویلفیر اے لکشمن کمار کے ہمراہ میڈیا کو کابینی فیصلوں سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے 2024 سے زیر التواء مہنگائی بھتے کی اقساط میں دو قسطوں کی منظوری دے کر ملازمین کو خوشخبری سنائی ہے۔ سابق بی آر ایس دور کے زیر التواء مہنگائی بھتے کو حکومت نے منظوری دی۔ اس فیصلہ سے ہر سال خزانہ پر 2500 کروڑ کا اضافی بوجھ عائد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے غریبوں کیلئے فلاحی اسکیمات پر عمل آوری کے ساتھ سرکاری ملازمین کے افراد خاندان میں خوشی کی لہر دوڑانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ مانسون کی ناکامی اور موسمی تبدیلی کے منفی اثرات کا حوالہ دیتے ہوئے موصوف وزیر نے بتایا کہ تلنگانہ میں 17 فیصد معمول سے کم بارش ریکارڈ کی گئی ۔ محکمہ موسمیات نے مانسون کے اختتام کا اعلان کردیا اور آئندہ چند ماہ کے دوران صرف طوفان کی صورت میں بارش ہوسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے تقریباً 235 منڈلوں میں بارش کی کمی کے سبب خشک سالی کی صورتحال ہے۔ خشک سالی سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں کا کابینہ نے فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسمی تبدیلی کے نتیجہ میں ریاست میں برقی کے استعمال میں اضافہ ہوا ہے۔ برقی کا استعمال 15000 میگا واٹ درج کیا گیا تھا جو بڑھ کر 19892 میگا واٹ ہوچکا ہے ۔ آئندہ چند دنوں میں 20000 میگا واٹ برقی کے استعمال کا امکان ہے۔ کسانوں کی جانب سے بورویلس کے استعمال اور گھریلو صارفین کی جانب سے زائد استعمال کے سبب برقی طلب میں اضافہ ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ خشک سالی کے نقصانات کا جائزہ لینے کیلئے کابینی سب کمیٹی کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ سب کمیٹی کی رپورٹ کے بعد جلد ہی کابینہ کا خصوصی اجلاس طلب کیا جائے گا اور خشک سالی کے امدادی کاموں کو منظوری دی جائے گی۔ کابینہ کے اجلاس سے قبل کل جماعتی اجلاس طلب کرتے ہوئے سیاسی پارٹیوں اور زرعی شعبہ کے ماہرین کی رائے حاصل کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ خشک سالی کے امدادی کاموں میں تعاون کیلئے مرکز سے نمائندگی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ خریف سیزن میں کسانوں سے دھان کی خریدی کیلئے جلد ہی مراکز قائم کئے جائیں گے اور 65 لاکھ میٹرک ٹن دھان کی خریدی کا امکان ہے۔ کابینہ نے سولار اور ونڈ پاور کے تحت 7800 میگا واٹ برقی کی تیاری کیلئے ٹنڈرس طلب کرنے کا فیصلہ کیا جس میں 3000 میگا واٹ سولار برقی رہے گی۔ مرکزی حکومت کے قواعد کے تحت ٹنڈرس طلب کئے جائیں گے۔ کابینہ نے رنگا ریڈی ضلع کے عبداللہ پور میٹ منڈل کے کوہیڈا میں عالمی سطح کی فروٹ مارکٹ کی تعمیر کیلئے پہلے مرحلہ میں 650 کروڑ روپئے کی منظوری دی ہے۔ کابینہ نے ریاست کے ڈیجیٹل میڈیا اڈورٹائزمنٹ پالیسی کو منظوری دی ہے۔ 2023 میں مرکزی حکومت نے ڈیجیٹل میڈیا کے اشتہارات کے سلسلہ میں جو پالیسی تیاری کی تھی ، اسی کو تلنگانہ میں اختیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نئی دہلی کے تلنگانہ بھون میں گروپ 1 رتبہ کے چار عہدیداروں کو متعین کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ مرکزی حکومت کے مختلف محکمہ جات میں تلنگانہ کے زیر التواء امور بالخصوص فنڈس کے حصول کی مساعی جاسکے۔