چیف منسٹر ریونت ریڈی کی آبپاشی پراجکٹس پر مرکزی وزیر سی آر پاٹل سے ملاقات

چیف منسٹر ریونت ریڈی نے مرکزی وزیر جل شکتی سی آر پاٹل سے اپیل کی ہے کہ مہاراشٹرا حکومت کے ساتھ بات چیت کے ذریعہ تلنگانہ کے تمیدی ہٹی بیاریج کی تعمیر سے متعلق امور کی عاجلانہ یکسوئی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے بیاریج کی تعمیر کیلئے درکار منظوریوں کی اجرائی پر زور دیا۔ وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی کے ہمراہ چیف منسٹر نے نئی دہلی میں مرکزی وزیر سی آر پاٹل سے ملاقات کی ۔ انہوں نے تلنگانہ میں کرشنا اور گوداوری طاس سے متعلق آبپاشی منصوبوں کے زیر التواء امور پر تبادلہ خیال کیا۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ تمیدی ہٹی بیاریج کی تعمیر سے متعلق تجویز مہاراشٹرا حکومت کو پیش کی جاچکی ہے۔ مرکزی وزیر سے خواہش کی گئی کہ مہاراشٹرا حکومت سے بات چیت کرتے ہوئے 152 میٹر فل ریزروائر لیول کے بیاریج کی تعمیر کیلئے درکار معاہدہ اور دیگر منظوریوں کے عمل کو تیز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ 152 میٹر کی سطح پر بیاریج کی تعمیر سے ایلم پلی منصوبہ کو پانی فراہم کرنا ممکن ہوگا۔ پانی کی پمپنگ کے کیلئے درکار بجلی کی کھپت میں کمی آئے گی اور ریاست پر مالی بوجھ کم ہوگا۔ چیف منسٹر نے تلنگانہ کے مختلف آبپاشی پراجکٹس کو درکار ماحولیاتی منظوریوں سے واقف کرایا۔ پالمور رنگا ریڈی لفٹ اریگیشن اسکیم ، ڈنڈی لفٹ اریگیشن اسکیم ، سیتارام ساگر پراجکٹ اور گورو پلی ذخیرہ آب کے لئے ماحولیاتی منظوری جلد جاری کرنے کی اپیل کی گئی۔ چیف منسٹر نے سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلہ کے پس منظر میں ماحولیاتی منظوریوں کو ناگزیر قرار دیا۔ سپریم کورٹ نے پراجکٹس کے لئے ماحولیاتی منظوریوں کے سلسلہ میں رہنمایانہ خطوط طئے کئے ہیں۔ چیف منسٹر نے سمکا ساگر پراجکٹ سے متعلق سنٹرل واٹر کمیشن میں زیر التواء منظوریوں پر نمائندگی کی۔ حکومت نے تفصیلی پراجکٹ رپورٹ سنٹرل واٹر کمیشن کو روانہ کردی ہے۔ اس موقع پر وزیر لیبر جی ویویک وینکٹ سوامی ، رکن پارلیمنٹ ومشی کرشنا ، رکن اسمبلی جی ونود ، حکومت کے مشیر برائے آبپاشی ادتیہ ناتھ داس اور چیف منسٹر کے سکریٹری مانک راج موجود تھے۔
