آر ٹی سی۔ میٹرو ریل کامن پاس کے ذریعہ ڈپٹی چیف منسٹر کا سفر

گریٹر حیدرآباد کے شہریوں کیلئے عوامی ٹرانسپورٹ کے نظام کو جدید اور مربوط بنانے کی سمت میں ایک بڑا پیشرفت قدم اٹھاتے ہوئے حکومت نے میٹرو ریل اور آر ٹی سی بسوں کیلئے ’’کامن پاس‘‘ متعارف کروا دیا ہے۔ اس پاس کے ذریعہ شہر میں مسافرین کا سفر انتہائی آسان اور آرم دہ ہوگیا۔ آج ہفتہ 3 اکٹوبر کو ڈپٹی چیف منسٹر ملوبھٹی وکرامارک، وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر، وزیراقلیتی بہبود محمد اظہرالدین، ریاستی وزیر لیبر جی ویویک نے اس سنگل کامن پاس کا استعمال کرتے ہوئے بیگم پیٹ میٹرو اسٹیشن سے جوبلی ہلز چیک پوسٹ تک میٹرو میں سفر کیا اور مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی چیف منسٹر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میٹرو ریل سے اترنے کے بعد بس سرویس کیلئے مسافرین کو آر ٹی سی بس میں سفر کرنے کیلئے الگ سے ٹکٹ یا پاس لینے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ سنگل پاس کی دستیابی سے مسافروں کا وقت اور محنت دونوں کی بچت ہوگی اور بس کی تلاش میں الجھن کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ بھٹی وکرامارک نے وضاحت کی کہ حکومت کا مقصد ہر شہری کو ان کے گھر کے دروازے سے اپنے من چاہے منزل تک بغیر کسی ہچکچاہٹ اور پریشانی کے آسان سفر کی سہوت فراہم کرنا ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے ایک اہم مستقبل کے منصوبے کا انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ حکومت آنے والے دنوں میں آر ٹی سی اور دیگر (Uber) اور میٹرو کے علاوہ آٹوز، اوبر ٹیکسی سرویسیس کو بھی اس مشترکہ نیٹ ورک کے ساتھ جوڑنے پر غور کیا جارہا ہے تاکہ (Last-Mile Connectivity) مضبوط بنایا جاسکے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے عوامی حمل و نقل کے اس جامع اور مربوط نظام کو عوام کیلئے دستیاب کرانے پر چیف منسٹر اے ریونت ریڈی اور وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ سابق بی آر ایس حکومت کی خامیوں کو دور کرتے ہوئے کانگریس حکومت حیدرآباد کے ٹرانسپورٹیشن کو عالمی سطح کے نظام میں تبدیل کررہی ہے۔
