تلنگانہ میں مانسون ناکام، بیشتر اضلاع میں زرعی سرگرمیاں متاثر

TOP_16-3

جنوب مغربی مانسون 2026 کی ناکامی کے نتیجہ میں تلنگانہ کے کئی اضلاع میں معمول سے کم بارش ریکارڈ کی گئی۔ ایک

طرف موسمی حالات کی تبدیلی تو دوسری طرف مانسون کی ناکامی نے ریاست میں زرعی سرگرمیوں کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ ریاست کے صرف چند اضلاع میں مانسون معمول سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔ سدی پیٹ ضلع میں معمول سے 10 فیصد زائد بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ میدک میں 7 فیصد، سرسلہ 5 فیصد اور کاماریڈی میں 4 فیصد زائد بارش ریکارڈ کی گئی۔ ریاست کے دیگر اضلاع میں 27 تا 40 فیصد منفی بارش ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجہ میں حکومت خشک سالی سے متاثرہ منڈلوں کے انتخاب کی تیاری میں ہے۔ گدوال ضلع میں مانسون سب سے زیادہ ناکام رہا جہاں معمول سے 41 فیصد کم بارش ریکارڈ ہوئی جبکہ نارائن پیٹ اور ہنمکنڈہ میں 35 فیصد کم بارش ریکارڈ ہوئی۔ نلگنڈہ میں 34 فیصد جبکہ حیدرآباد میں 27 فیصد معمول سے کم بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ گزشتہ دو برسوں میں مانسون تلنگانہ میں غیر اطمینان بخش رہا ہے جس کے نتیجہ میں زرعی سرگرمیاں متاثر ہوئیں۔ تلنگانہ حکومت نے مرکز کو رپورٹ پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ خشک سالی سے متاثرہ منڈلوں میں امدادی کاموں کے لئے فنڈس حاصل کئے جاسکیں۔ حکومت نے ضلع کلکٹرس کو خشک سالی کی صورتحال پر رپورٹ روانہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ مانسون کی ناکامی کے نتیجہ میں برقی طلب میں اضافہ ہوا ہے۔