SIR مہم کے متاثرین سے ملاقات کیلئے بی جے پی صدر وقت اور مقام کا تعین کریں

TOP_12-8

وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے بی جے پی کے ریاستی صدر رام چندر راؤ کو چیالنج کیا کہ وہ فہرست رائے دہندگان میں ناموں کے شمولیت سے محروم افراد کو پیش کرنے کے لئے تاریخ اور وقت کا تعین کریں۔ رام چندر راؤ نے SIR مہم کے خلاف کانگریس اور دیگر اپوزیشن کے احتجاج پر تنقید کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر ناموں کے اخراج کے الزام کو مسترد کردیا تھا۔ انہوں نے اپوزیشن قائدین کو الزامات ثابت کرنے کا چیالنج کیا۔ پونم پربھاکر نے بی جے پی ریاستی صدر کے چیالنج کو قبول کرتے ہوئے انہیں وقت اور تاریخ کا تعین کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ فہرست سے حذف کئے گئے ناموں کے متاثرین کو پیش کیا جاسکے۔ انہوں نے رام چندر راؤ سے کہا کہ وہ کسی مقام کا تعین کریں جہاں ان کے روبرو متاثرہ خاندانوں کو پیش کیا جائے گا۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پونم پربھاکر نے کہا کہ راہول گاندھی نے ووٹ چوری کے بارے میں ٹھوس ثبوت عوام کے سامنے پیش کئے جس کے بعد ملک گیر سطح پر عوامی احتجاج کا آغاز ہوچکا ہے۔ ریاستی وزیر نے کہا کہ بی جے پی کے ریاستی صدر کو فہرست رائے دہندگان میں خامیوں کو درست کرتے ہوئے تلنگانہ کے لاکھوں افراد کے ناموں کی دوبارہ شمولیت کو یقینی بنانا چاہئے۔ انہوں نے رام چندر راؤ کو چیالنج کیا کہ وہ متاثرہ افراد کا سامنا کرنے کے لئے تیار رہیں جو اپنے دستاویزات کے ساتھ بی جے پی صدر کے روبرو پیش ہونے کے لئے تیار ہیں۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ محض گرفتاریوں اور حقائق کو مسترد کرنے سے الیکشن کمیشن کا ریکارڈ تبدیل نہیں کیا جاسکتا۔ الیکشن کمیشن نے تلنگانہ میں جو عبوری فہرست رائے دہندگان جاری کی ہیں۔ عبوری فہرست رائے دہندگان میں تلنگانہ کے تقریباً 90 لاکھ افراد کے نام شامل نہیں ہیں۔ الیکشن کمیشن نے نوٹس کی سماعت کے ذریعہ تقریباً 40 فیصد افراد کو اہل رائے دہندوں کے طور پر قبول کیا ہے جن کے نام قطعی فہرست میں شائع کئے جائیں گے۔ پونم پربھاکر نے SIR مہم کے دوران بڑے پیمانے پر بے قاعدگیوں کا الزام عائد کیا اور کہا کہ جان بوجھ کر ایس سی، ایس ٹی، بی سی اور اقلیتی طبقات سے وابستہ افراد کے ناموں کو حذف کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں تقریباً 40 لاکھ افراد کے ناموں کو حذف کیا گیا جبکہ ریاست گیر سطح پر 70 لاکھ ناموں کو ڈیلیٹ کرنے کا اندیشہ ہے۔ انہوں نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ عبوری فہرست کی اجرائی کے بعد سماعت کے ذریعہ جن ناموں کو اہل قرار دیا گیا ان کی تعداد اور تفصیلات جاری کریں۔ انہوں نے کہا کہ فہرست رائے دہندگان پر نظرثانی کا کام شفافیت کے ساتھ انجام دیا جائے۔ پونم پربھاکر نے سابق نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو کے بیان پر بھی اعتراض جتایا جس میں انہوں نے SIR مہم اور الیکشن کمیشن کے موقف کی تائید کی ہے۔