تلگو ریاستوں میں شمال مشرقی مانسون کی تیز رفتار پیش قدمی

جنوب مغربی مانسون کی واپسی کے ساتھ ہی شمال مشرقی مانسون تیز رفتاری سے دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھرا پردیش کی طرف بڑھ رہا ہے ۔ موسمیاتی ماہرین اور محکمہ موسمیات کے مطابق اس تبدیلی کے باعث آنے والے دنوں میں دونوں ریاستوں میں بارش کی شدت میں نمایاں اضافہ درج کیا جائے گا ۔ خلیج بنگال میں موسمیاتی تبدیلیوں اور سمندر سے آنے والی مرطوب ہواؤں کے اثر سے ساحلی اضلاع شدید متاثر ہونے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے ۔ تلنگانہ و آندھرا پردیش کے موسمیاتی ماہرین کی پیش قیاسی کے مطابق 15 اکٹوبر سے ساحلی آندھرا پردیش میں بڑے پیمانے پر بارش شروع ہوں گی ۔ سمندری ہواؤں کی شدت کے سبب شمالی اور جنوبی ساحلی علاقوں کے متعدد مقامات پر درمیانی سے شدید اور بھاری بارش متوقع ہے ۔ ساحلی علاقوں کے عوام اور بالخصوص کاشتکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بارش کی اس پیش قیاسی کے پیش نظر اپنی فصلوں کی کٹائی اور دیگر زرعی سرگرمیوں میں ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔ تلنگانہ میں بارش کا اثر بتدریج بڑھے گا ماہرین کے مطابق 17 اکٹوبر سے ریاست کے کئی اضلاع میں بارش متوقع ہے ۔ جنوبی ۔ مشرقی وسطی تلنگانہ کے اضلاع کے الگ الگ مقامات پر ہلکی سے اوسط بارش کے واضح اشارے موجود ہیں ۔ اگرچہ کہ 17 اکٹوبر تک ریاست بھر میں خشک موسم اور رات کے وقت سردی جاری رہے گی لیکن اس کے بعد آسمان پر بادل چھائے رہیں گے اور دن کے درجے حرارت میں نمایاں کمی آئے گی ۔ محکمہ موسمیات نے شمال مشرقی مانسون کے آغاز کے ساتھ ہی ہونے والی ان موسمی تبدیلیوں کے پیش نظر شہریوں اور مسافرین کو الرٹ اور ہوشیار رہنے کی اپیل کی ہے ۔۔
