84 لاکھ افراد قطعی فہرست میں شمولیت کے اہل

ریاست میں 92.88 لاکھ افراد کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اُنھیں مختلف دستاویزات پیش کرنے کا موقع دیا گیا تھا۔ الیکشن کمیشن نے عبوری فہرست رائے دہندگان جاری کردی جس کے بعد نقائص پائے جانے پر 92.88 لاکھ افراد کو نوٹس جاری کی گئی۔ باوثوق ذرائع کے مطابق اعتراضات اور دعوؤں کی سماعت کے مرحلہ کی تکمیل کے بعد نوٹس پانے والے تقریباً 90 فیصد افراد فہرست رائے دہندگان میں شمولیت کے اہل قرار پائے ہیں۔ 2002ء کی SIR میں ناموں کی عدم شمولیت، عدم میاپنگ، اڈریس اور دیگر تفصیلات میں فرق کے سبب نوٹس جاری کی گئی تھی۔ الیکشن کمیشن نے 89.75 لاکھ نوٹسوں کے معاملہ میں جانچ کو مکمل کرلیا ہے۔ مجموعی طور پر 92.88 لاکھ افراد کو نوٹس جاری کی گئی تھی اور اُن میں 84.03 لاکھ افراد قطعی فہرست رائے دہندگان میں شمولیت کے اہل قرار پائے ہیں۔ الیکشن کمیشن قطعی فہرست میں اُن کے نام شامل کرتے ہوئے جاری کرے گا۔ الیکشن کمیشن نے ضلع واری سطح پر نوٹسوں کی اجرائی اور جانچ سے متعلق رپورٹ تیار کی ہے۔ نوٹسوں کی جانچ کے دوران 31063 معاملات میں ناموں کو قطعی فہرست میں شمولیت کے لئے نااہل پایا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق قطعی فہرست میں جن 84.03 لاکھ ناموں کو شامل کیا جائے گا اُن میں 5686890 افراد مختلف نامکمل تفصیلات فراہمی کے زمرہ میں تھے۔ ایس آئی آر کے مرحلہ کے دوران 2716465 ناموں کو نو میاپنگ زمرہ میں شامل کیا گیا تھا۔ یہ ایسے نام ہیں جو 2002ء کی فہرست میں شامل نہیں جنہیں نو میاپنگ کیس تصور کیا گیا۔ دعوؤں اور اعتراضات کی سماعت کے بعد اِن تمام ناموں کو 9 نومبر کو جاری ہونے والی قطعی فہرست میں شمولیت کا اہل قرار دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ابھی تک 22457 رائے دہندوں کو نوٹس حوالے نہیں کی گئی۔ نوٹس ملنے کے باوجود الیکشن کمیشن کے عہدیداروں کے روبرو سماعت کے لئے غیر حاضر افراد کی تعداد 302925 درج کی گئی ہے۔ 9699 معاملات میں دعوؤں کی سماعت کے لئے نئی تاریخوں کا تعین کیا گیا ہے۔ ایسے رائے دہندوں کو دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے عہدیدار اُن کے مکان پہونچ کر دستاویزات حاصل کریں گے۔ تلنگانہ میں SIR مرحلہ کی تکمیل کے قطعی اعداد و شمار اِس طرح ہیں۔ جملہ رائے دہندے 33826448، انومریشن فارمس داخل کرنے والے افراد 26487213، ASDD یعنی غیر حاضر، منتقل، فوت اور ایک سے زائد مقام پر درج افراد کی تعداد 73.39 لاکھ، نوٹس کی حوالگی 9265731، نوٹس کی حوالگی ابھی جن رائے دہندوں کو باقی ہے اُن کی تعداد 22457 درج کی گئی ہے۔ عہدیداروں کے روبرو سماعت کے لئے 8975562 افراد حاضر ہوئے جبکہ مہلت گزرنے کے باوجود 302925 افراد سماعت سے غیر حاضر رہے۔ سماعت کے سلسلہ میں تاریخوں کو ری شیڈول کرنے کے بعد 9699 افراد سماعت کے لئے غیر حاضر رہے۔ عہدیداروں کا ماننا ہے کہ تلنگانہ کی فہرست رائے دہندگان میں لاکھوں کی تعداد میں ناموں کے حذف ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے۔
