مردم شماری 2027 کے دوسرے مرحلہ کاجنوری میں آغاز،40 سوالات ہوں گے

تلنگانہ میں SIR مہم کی تکمیل کے بعد جنوری میں مردم شماری 2027ء کے دوسرے مرحلہ کا آغاز ہوگا۔ مردم شماری کے تحت عوام آن لائن تفصیلات داخل کرسکتے ہیں یا پھر اُنھیں شمار کنندوں کی آمد کا انتظار کرنا ہوگا۔ مرکزی حکومت نے آبادی سے متعلق مردم شماری کے لئے 40 سوالات پر مشتمل فارم تیار کیا ہے جس میں ذات پات، مذہب، تعلیم، ملازمت، معاشی صورتحال اور سماجی موقف جیسی تفصیلات شامل ہیں۔ پہلے مرحلہ میں مکانات سے متعلق تفصیلات حاصل کی گئیں جن میں خاندان کی مجموعی حالت، مکان کی صورتحال جیسی معلومات شامل تھیں جبکہ دوسرے مرحلہ میں عوام کی انفرادی معلومات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ مردم شماری کے تحت آدھار نمبر، ووٹر شناختی کارڈ نمبر اور ہندوستانی پاسپورٹ کا نمبر حاصل کیا جائے گا۔ دوسرے مرحلہ کی تفصیلات میں تعلیمی قابلیت، ملازمت کی نوعیت، بچوں کی تعداد، بینک اکاؤنٹس کی تعداد، کوویڈ ٹیکہ اندازی، سابقہ رہائشی مقام، منتقلی کی وجوہات اور ڈرائیونگ لائسنس کی تفصیلات شامل رہیں گی۔ حکومت نے پہلی مرتبہ مردم شماری کے تحت ذات پات سے متعلق معلومات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ملک میں طبقہ واری آبادی کا تعین کیا جاسکے۔ مردم شماری کے انچارج ڈائرکٹر بھارتی ہولیکری، کمشنر جی ایچ ایم سی آر وی کرنن نے مردم شماری میں شامل عہدیداروں کو تفصیلات سے واقف کرایا۔ شمار کنندوں کو تفصیلات حاصل کرنے کے لئے ضروری ٹریننگ دی جارہی ہے۔
