تلنگانہ حکومت نے 2000 کروڑکا قرض حاصل کیا

loan

انتخابی وعدوں کی تکمیل اور فلاحی اسکیمات پر عمل آوری میں فنڈس کی کمی کا سامنا کرنے والی حکومت نے آخرکار 2000 کروڑ کا قرض حاصل کیا ہے۔ ریزرو بینک آف انڈیا نے ای آکشن کے ذریعہ یہ قرض جمع کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ سالانہ 7.53 فیصد سود کے حساب سے یہ قرض حاصل کیا گیا۔ ایک ہزار کروڑ کا قرض 23 برسوں کے لئے 7.65 سالانہ شرح سود پر جبکہ مزید ایک ہزار کروڑ 23 برسوں کے لئے 7.53 فیصد شرح سود کے حساب سے حاصل کیا گیا۔ ملک کی گیارہ ریاستوں نے ریزرو بینک آف انڈیا کے ذریعہ جملہ 23016 کروڑ قرض حاصل کیا ہے۔ کانگریس برسر اقتدار آنے کے بعد ریاست کا مجموعی قرض 8 لاکھ کروڑ سے تجاوز کرچکا تھا اور حکومت نے کمزور معاشی صورتحال کے نتیجہ میں قرض کے حصول کا فیصلہ کیا اور گزشتہ دو برسوں میں بینکوں اور مالیاتی اداروں سے قرض حاصل کیا گیا ہے۔