موسیٰ ریور فرنٹ ڈیولپمنٹ پراجکٹ پر دنیا کی توجہ مرکوز

7_pp10

موسیٰ ریور فرنٹ ڈیولپمنٹ پراجکٹ، جسے حکومتِ تلنگانہ نے حیدرآباد شہر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے بڑے عزائم کے ساتھ شروع کیا ہے، عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بن رہا ہے۔ اس پراجکٹ کے پہلے مرحلے کیلئے موسیٰ ریور فرنٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ (MRDCL) کی جانب سے مدعو کیے گئے بین الاقوامی ٹینڈرس کو زبردست ردِعمل حاصل ہوا ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) کے اصولوں و ضوابط کے مطابق 7,345.12 کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت کے ان ٹینڈرس میں عالمی اداروں نے گہری دلچسپی دکھائی ہے۔ حالیہ پری بولی اجلاس میں 15 کمپنیوں نے آن لائن اور دیگر 15 کمپنیوں نے آف لائن شرکت کرتے ہوئے پراجکٹ کی تفصیلات دریافت کیں۔ ہندوستان کی بڑی انفراسٹرکچر کمپنیوں جیسے L&T، AMR گروپ اور میگا (MEIL) کے علاوہ چین، ہانگ کانگ، انڈونیشیا، جنوبی کوریا اور ملائیشیا سمیت 48 ممالک کی بین الاقوامی ایجنسیوں اور تعمیراتی اداروں نے ان ٹینڈرس میں حصہ لینے کا رجحان ظاہر کیا ہے۔ADB کے رکن ممالک کی تمام اہل کمپنیوں کو مقابلہ کا مساوی موقع ملنے کے باعث موسیٰ کے کاموں کیلئے عالمی سطح پر مسابقت دیکھنے میں آ رہی ہے۔ بولی جمع کرانے کی آخری تاریخ 26 نومبر مقرر کی گئی ہے، جس کے بعد یہ واضح ہوگا کہ اس عظیم الشان پراجکٹ کا کنٹریکٹ کس بین الاقوامی ادارے کو حاصل ہوتا ہے۔