سرکاری اسکولوں میں بہتر سہولیات، داخلہ دلوانے کی اپیل

گورنمنٹ جونیئر کالج گرلز، محبوب نگر میں والدین اور اساتذہ کا اجلاس، مولانا ابوالکلام آزاد کی یومِ پیدائش کے موقع پر تقریب کا انعقاد گورنمنٹ جونیئر کالج گرلز، محبوب نگر میں والدین اور اساتذہ کا اجلاس منعقد کیاگیا۔ اس موقع پر بھارت کے پہلے وزیرِ تعلیم، مجاہدِ آزادی اور عظیم ماہرِ تعلیم مولانا ابوالکلام آزاد کی یومِ پیدائش بھی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔ اس تقریب میں ضلع کے ڈسٹرکٹ انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن آفیسر (DIEO) نے بحیثیت مہمانِ خصوصی شرکت کی اور طالبات سے خطاب کرتے ہوئے تعلیم کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ہی کامیابی اور روشن مستقبل کی بنیاد ہے۔ کالج کی پرنسپل محترمہ کوثر جہاں نے بھی طالبات سے خطاب کرتے ہوئے انہیں پابندی کے ساتھ کالج آنے، روزانہ کلاسوں میں شرکت کرنے اور دلجمعی کے ساتھ تعلیم حاصل کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنی بچیوں کی تعلیمی سرگرمیوں پر خصوصی توجہ دیں اور اساتذہ کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھیں۔ اس موقع پر پرنسپل نے حکومت کی جانب سے سرکاری جونیئر کالجوں میں فراہم کی جانے والی مختلف سہولیات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت کی جانب سے طالبات کو مفت درسی کتابیں، اسکول بیاگ، جوتے، شناختی کارڈ اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ ان سرکاری سہولیات سے بھرپور استفادہ کریں اور اپنی بچیوں کو سرکاری کالجوں میں داخلہ دلائیں۔سیدسلیم صدر ایمان کمیٹی نے اپنی مخاطبت میں پرنسپل کوثرجہاں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ محترمہ طالبات کی تعلیم کیلئے ہمیشہ متفکررہتی ہیں۔کالج کی ترقی کے لئے مسلسل کوشاں ہیں۔ بعض والدین نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کالج میں فراہم کی جانے والی معیاری تعلیم، اساتذہ کی محنت اور سرکاری جونیئر کالجوں میں دستیاب مختلف سہولیات کی ستائش کی۔
