ضلع سنگاریڈی میں 200 شی باکس قائم کیے جائیں گے

TOP_5-1

خواتین اور طالبات کے تحفظ کو یقینی بنانے اور انہیں درپیش ہراسانی سمیت مختلف مسائل کی شکایات بلا خوف پولیس تک پہنچانے کے مقصد سے ضلع سنگاریڈی پولیس کی جانب سے خصوصی ’’شی باکس‘‘ پروگرام شروع کیا جا رہا ہے۔ ضلع ایس پی پریتوش پنکج نے بتایا کہ ضلع بھر میں مختلف مقامات پر جملہ 200 شی باکس قائم کیے جائیں گے۔ایس پی نے کہا کہ ضلع کے مختلف اسکولوں، کالجوں، خواتین کے ہاسٹلس، بس اسٹانڈس اور دیگر سرکاری و خانگی اداروں میں یہ باکس نصب کیے جائیں گے، تاکہ خواتین اور لڑکیاں کسی خوف یا جھجک کے بغیر اپنی شکایات درج کراسکیں۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ یہ باکس ایسے محفوظ اور رازداری والے مقامات پر رکھے جائیں جہاں سی سی ٹی وی کیمرے نہ ہوں اور مردوں کی آمد و رفت بھی کم ہو۔انہوں نے بتایا کہ ہر پولیس اسٹیشن کے حدود میں قائم شی باکس کی نگرانی کی ذمہ داری خاتون پولیس عہدیدار کے سپرد کی جائے گی۔ ہر ہفتہ بروز ہفتہ لازمی طور پر شی باکس کھول کر شکایات حاصل کی جائیں اور اسی دن شام تک انہیں شی ٹیمس انچارج اور پی سی آر انسپکٹر کے حوالے کیا جائے۔ ہر شکایت پر ایک ہفتہ کے اندر تحقیقات مکمل کرتے ہوئے مناسب کارروائی کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ شکایت کنندگان کی جانب سے رابطہ کی تفصیلات فراہم کرنے پر ان سے رابطہ کیا جائے گا اور ان کی شناخت و تفصیلات کو مکمل طور پر خفیہ رکھا جائے گا۔