مرکزی وزیر فینانس سے چیف منسٹر اے پی چندرابابو نائیڈو کی ملاقات

چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرابابو نائیڈو نے دہلی میں مرکزی وزیر فینانس نرملا سیتارامن سے ملاقات کرکے آندھرا پردیش کیلئے فوری مالی امداد فراہم کرنے کی اپیل کی ، جہاں مسلسل دو سمندری طوفانوں سے زراعت سمیت کئی شعبوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔آج دورۂ دہلی کے موقع پر چیف منسٹر نے مرکزی وزیر فینانس سے ملاقات کی اور ریاست کی مالی صورتحال، حالیہ طوفانوں سے نقصانات، رائلسیما ہارٹیکلچر ہب، پورودیا فنڈز کی اجرائی اور علاقائی ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔ اس بات چیت میں وشاکھاپٹنم سی آئی آئی پارٹنرشپ سمٹ اور اہم اعلانات کا بھی ذکر رہا۔چیف منسٹر نے ریاست میں حال میں تباہی مچانے والے سمندری طوفانوں ارنب اور موراسو سے بھاری نقصانات کی تفصیلات پیش کیں۔ ابتدائی اندازوں کے مطابق دونوں طوفانوں سے جملہ 7,000 کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے وزیر فینانس کو طوفان سے قبل حکومت کے حفاظتی اقدامات اور اس کے بعد امدادی و بحالی کی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ کٹائی کیلئے تیار فصلیں سیلابی پانی میں ڈوب گئیں، جس سے کسانوں کو مالی نقصان اٹھانا پڑا۔ ایل نینو کے اثرات کے باوجود حکومت نے پوٹی سیما پراجیکٹ سے متعدد علاقوں میں آبپاشی کے پانی کی فراہمی یقینی بنائی تھی تاکہ کسانوں کی مدد ہوسکے ، لیکن طوفانوں نے کسانوں کو بری طرح متاثر کیا۔ چیف منسٹر نے نشاندہی کی کہ ساحلی بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا ہے اور بجلی سپلائی کا نیٹ ورک زیادہ متاثرہ شعبوں میں شامل ہے۔ نقصانات اور ریاست کو درپیش مالی چیلنجز کے پیش نظر چیف منسٹر نے مرکزی وزیر فینانس سے فوری مالی امداد کی اپیل کی۔ انہوں نے مطلع کیا کہ مرکزی ٹیمیں طوفان ارنب اور موراسو کے نقصانات کا جائزہ لینے ریاست کا دورہ کر چکی ہیں اور جلد رپورٹ پیش کریں گی۔ نائیڈو نے کہا کہ ریاست کی موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری امداد کی فراہمی سے مالی راحت ملے گی اور بحالی کی کوششوں کو تیز کرنے میں مدد ملے گی۔
